گرے لسٹ سے نکلنے کے لئے جون تک کی مہلت

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے ایکشن پلان کے حوالے سے پاکستان کی طرف سےکیے جانیوالے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئےپاکستان کو کمپلائنس ڈاکومنٹ میں برقرار رکھنے پر اتفاق کیااور گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے جون تک مہلت دیدی جس پر پاکستان نےکہاکہ ایکشن پلان کے باقی نکات پرجلد عملدرآمد کرینگے۔
چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اکثر ارکان نے پیرس میں جاری اجلاس میں دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے بیجنگ میں ایک نیوز بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ ’اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رکھنے کے لیے مزید وقت دیا جائے گا‘۔
ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی مزید حمایت نہ کرنے اور اس حوالے سے چین کی پوزیشن تبدیل ہونے سے متعلق بھارتی میڈیا رپورٹس پر سوال کے جواب میں گینگ شوانگ نے کہا کہ اس معاملے پر چین کی پوزیشن تبدیل نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ چین کا مؤقف ہے کہ ایف اے ٹی ایف کا مقصد منی لانڈرنگ، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خلاف اداروں کو مضبوط بنانے سے متعلق ممالک کی کوششوں اور بین الاقوامی مالیاتی نظام کا تحفظ ہے۔
پاکستان نے اس کامیابی پر تمام فریقین کا شکریہ بھی ادا کیا،ایف اے ٹی ایف نے ایران کو اب بھی بلیک لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعے کو جاری بیان کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا پلینری اجلاس 16 سے لے کر 21 فروری تک فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقد ہوا، پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ رپورٹنگ عرصے میں پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عملدرآمد پر نمایاں پیش رفت کی جس کا اظہار 9اضافی شعبوں میں اقدامات سے ہوتا ہے، ایف اے ٹی ایف نے ایکشن پلان کے نفاذ کے ضمن میں پاکستان کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس بات کی تائید کی کہ پاکستان ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کر رہا ہے، ایف اے ٹی ایف نے اس حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کے عزم کا خیر مقدم کیا اور جون 2020ءتک ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
ایف اے ٹی ایف کے ارکان نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کمپلائنس ڈاکومنٹ میں برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جس کو عام طور پر گرے لسٹ بھی کہا جاتا ہے۔ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایکشن پلان کے باقی اقدامات پر عملدرآمد کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔
اس مقصد کے لئے حکمت عملی وضع کی ہے اور اس کا نفاذ بھی کیا جا رہا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کا آئندہ اجلاس جون 2020ءمیں ہو گا جس میں پاکستان کی جانب سے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں