سرجیکل آلات بنانے والوں اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کا وفد آئندہ ماہ کرغزستان کا دورہ کرے گا، مہر کاشف یونس

 کرغزستان ٹریڈ ہائوس کے چیئرمین مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرجیکل آلات بنانے والوں اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کا وفد آئندہ ماہ کرغزستان کا دورہ کرے گا تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع، مشترکہ منصوبوں، دو طرفہ تجارت کے فروغ اور باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔

جمعرات کو محترمہ ماہین کی قیادت میں برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اقتصادی تعاون اور بامعنی تعلقات کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کو فروغ دے کر ہم دواسازی اور سرجیکل آلات کے شعبوں میں موجود بے پناہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ان شعبوں میں مشترکہ کوششوں سے علم، ٹیکنالوجی اور وسائل کے تبادلے کے مواقع میسر آئیں گے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے دونوں مسلم ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔ دورے کا مقصد برآمدات کے ممکنہ مواقع کی تلاش اور دو طرفہ تجارت و تعاون کا فروغ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفد میں برآمد کنندگان اور سرمایہ کار شامل ہیں جو کرغزستان کے ساتھ تعاون اور شراکت داری قائم کرنے کے خواہشمند ہیں۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ یہ دورہ دیرپا شراکت داری کی راہ ہموار اور ہماری متعلقہ صنعتوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرغزستان کے دورے پر جانے والے وفد اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بات چیت کو سہل بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں