ایف پی سی سی آئی کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں،ایس سی سی کی سفیرڈاکٹر جینتھی فوربز

پاکستان کے لیے اسکاٹش چیمبرز آف کامرس (ایس سی سی)کی سفیرڈاکٹر جینتھی فوربز نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کے سب سے بڑے ادارہ فیڈریشن پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، سنیئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں اور سابق سنیئر نا ئب صدر مرزا اختیار بیگ سمیت دیگر تجارتی شخصیات بھی موجود تھیں۔

ڈاکٹر جینتھی فوربز نے کہا کہ ا سکاٹش چیمبرز آف کامرس اسکاٹ لینڈکے کاروباری نیٹ ورک میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور 12,000 کمپنیوں اور 50فیصد سے زیادہ نجی شعبے کی افرادی قوت کی نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس سی سی اور ایف پی سی سی آئی کے درمیان ایک قابل ذکر تعاون کو 26ستمبر 2022کو مفاہمت کی یادداشت کے ذریعے باضابطہ شکل دی گئی تھی، جس کا مقصد تجارتی تعاون کو مضبوط بنانا ہے لیکن اس کے باوجود برآمدات کے فروغ جیسے شعبوں میں بہت کام کرنا باقی ہے۔

ساتھ ہی ساتھ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ،جوائنٹ وینچرزاور بزنس ٹو بزنس( بی 2بی)روابط قائم کرنا بھی وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے خاص طور پر اسکاٹ لینڈ میں سیاحت، مہمان نوازی اور ثقافتی شعبوں پر زور دیا کہ یہ کس طرح پیپل ٹوپیپل؛بزنس ٹو بزنس اور میکرو سطح پر چیمبر ٹو چیمبر روابط میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایف پی سی سی آئی کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں کیونکہ یہ پاکستان کی پوری کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اوراسکاٹش چیمبرزآف کامرس تجارت، سرمایہ کاری،جوائنٹ وینچرز اور وسیع تر اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اپنے تعاون کے دائرہ کارکو ٹھوس بنیادوں پر قائم کریں گے۔

انہوں نے اس حقیقت کا بھی اعادہ کیا کہ اسکاٹ لینڈ میں پاکستانی کمیونٹی پہلے ہی بہت مضبوط ہے اور پاکستان کے لیے اسکاٹ لینڈ کے ساتھ اپنے تجارتی اور کاروباری تعلقا ت کو بڑھانے کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے لیے ا سکاٹش چیمبرز کی سفیر جینتھی فوربزنے کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا تاکہ دونوں چیمبرز کے درمیان تجارتی فروغ کے حوالے سے اہم کاروباری شخصیات کے ساتھ اپنے خیالات شیئرکر سکیں۔ایف پی سی سی آئی کے سنیئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی بنیادی ڈھانچے کی ترقی، قابل تجدید توانائی، آبی وسائل کے انتظام، مالیاتی خدمات، خوراک اور مشروبات، صحت کی دیکھ بھال کی خدمات اور ریٹیل کے منصوبوں میں اسکاٹش سرمایہ کاری اور تعاون کا منتظر ہے۔

ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں پاکستانی ہنر مندافراد وافر تعداد میں کم لاگت افرادی قوت کے ذریعے اسکاٹ لینڈ کی کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ مزید برآں،بزنس پروسیس آئوٹ سورسنگ (BPO) اور مسابقتی مصنوعات وخدمات کو بھی پاکستان کو آوٹ سورس کیا جا سکتا ہے۔سابق سنیئر نا ئب صدرایف پی سی سی آئی مرزا اختیار بیگ نے واضح کیا کہ ایف پی سی سی آئی اسکاٹش چیمبر زکے ساتھ پیداواری اورباہمی شراکت داری پر مبنی کاروباری تعلقات قائم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں