ذاتی مفاد نہیں بزنس کمیونٹی کے مفاد کی جنگ لڑیں گے، عاطف اکرام شیخ

ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ہمارا عزم اور مشن بزنس کمیونٹی اور انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا اتحاد، یکجہتی اور ایک پلیٹ فارم پر متحدکرنا ہے، ہم ذاتی مفاد نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی کے مفاد کی جنگ لڑیں گے ۔ منگل کو ایف پی سی سی آئی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن آئی نائن کے وفد نے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا دورہ کیا۔

چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک اور چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین کو گلدستے پیش کئے اور ان کو عہدے کا چارج سنبھالنے اور گروپ کی تاریخی و ریکارڈ کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے جس اعتماد کااظہار کیا ہم ان کو کبھی مایوس نہیں کریں گے،ہمارا عزم اور مشن بزنس کمیونٹی اور انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا اتحاد، یکجہتی اور ایک پلیٹ فارم پر متحدکرنا ہے،

ہم ذاتی مفاد نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی کے مفاد کی جنگ لڑیں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین کریم عزیز ملک نے کہا کہ ایس ایم تنویر جیسے لیڈر ہوں تو کامیابی قدم چومتی ہے، عاطف اکرام محنتی اور قابل شخص ہیں ، بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے دن رات محنت کریں گے ، ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کے مشن کو آگے لے کر جائیں گے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین نے کہا کہ مشکل وقت تھا ، بزنس کمیونٹی نے اعتماد کا اظہار کیا اور الیکشن میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کو کامیابی دلائی ، خدمت کا موقع ملا ہے،

پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑوں گا۔ تقریب سے ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور رئوف عالم ‘غضنفر بلور، سابق نائب صدر میاں اکرم فرید و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کسی شہر کو آج تک 3بار فیڈریشن کا صدر بننے کا اعزاز نہیں ملا جو اسلام آباد کو ملا ہے۔ عاطف اکرام محنتی اور نڈر شخص ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی، بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل ، صنعت و تجارت اور کاروبار کے فروغ کیلئے ایف پی سی سی آئی کے صدر کو وفاقی وزیر کا درجہ دیا جائے ۔ الیکشن ختم ہوچکا اب پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو متحد اور یکجا ہو کر پاکستان اور بزنس کمیونٹی کی خدمت کرنا ہوگی۔ عاطف اکرام اور ان کی ٹیم اچھی سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں ، کامیابی قدم چومے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں