بزنس کمیونٹی کو متحد، یکجا اور ان کے درمیان اتفاق پیدا کرنا میری اولین ترجیحات ہیں، عاطف اکرام شیخ

نومنتخب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ( ایف پی سی سی آئی)عاطف اکرام شیخ کاکیپٹل آفس اسلام آباد آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیاگیا۔

نومنتخب صدر عاطف اکرام شیخ کا چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، نومنتخب نائب صدور ایف پی سی سی آئی اشفاق احمد، طارق جدون، چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک اور چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین و دیگر شرکاء کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔

بعد ازاں کیپٹل آفس میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی ۔ استقبالیہ تقریب میں ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور رئوف عالم ، زبیر احمد ملک ، سابق نائب صدرایف پی سی سی آئی و جنرل سیکرٹری یو بی جی ظفر بختاوری ، چیئرمین فائونڈر گروپ آئی سی سی آئی خالد اقبال ملک ، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، محمد اعجاز عباسی، خالد جاوید، طارق صادق، قائمقام صدر آئی سی سی آئی انجینئر اظہر السلام ، صدر اسلام آباد وومن چیمبر رضوانہ آصف سمیت اسلام آباد ، راولپنڈی کے تمام چیمبرز، ایسوسی ایشنز ، انجمن تاجران کے عہدیداران ، صنعتکاروں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب صدر عاطف اکرام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی، صنعت و تجارت ، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ ، بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے سب کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا،پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو متحد، یکجا اور ان کے درمیان اتفاق پیدا کرنا میری اولین ترجیحات ہیں۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی معاشی ترقی کے نئے افق فتح کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی انجن کو مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے اور تاجر برادری ایندھن کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کو معاشی چیلنجز سے خوش اسلوبی سے نکالیں،پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے حکومت، اداروں اور سیاسی جماعتوں کو پالیسی سازی میں سٹیک ہولڈرز کے طور پر تاجر برادری کو شامل کرنا چاہئے، تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے منشور میں اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ وہ مستحکم، پائیدار اور طویل مدتی اقتصادی پالیسیوں کو یقینی بنانے کے لئے معیشت کے چارٹر پر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی معیشت کے حوالے سے قومی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے میں موثر کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر چیئرمین کیپٹل آفس اسلام آباد کریم عزیز ملک نے کہا کہ حکومت کو صنعت کی اعلیٰ ترقی اور برآمدات میں خاطر خواہ بہتری کے لئے طویل المدتی اور مستقل پالیسیاں بنانا ہوں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کوآرڈینشن ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور انڈسٹری کے مسائل حل کرنے آئے ہیں ،

ہر سیکٹر میں جو بھی مسائل ہیں وہ باقاعدہ ہمارے علم میں ہیں اور اگر جو بھی مشکلات بزنس کمیونٹی، چیمبرز و ایسوسی ایشنز کو درپیش ہیں وہ ہمارے علم میں لائیں تاکہ ان کے حل کیلئے متحد ہوکرکام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بزنس کمیونٹی کی بے لوث خدمت کر نی ہے ۔شرکاء نے عاطف اکرام اور ان کی ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں