پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت، توانائی اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت، توانائی اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری رابطوں خاص طور پر ایف پی سی سی آئی کی سطح پر باہمی روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارتی حجم میں اضافے کے ساتھ ساتھ باہمی تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر بلال حئی کے ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ترجمان کے مطابق اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی، سارک چیمبر کے نائب صدر میاں انجم نثار اورایف پی سی سی آئی کی نائب صدر رفعت ملک بھی موجود تھیں۔ سفیر بلال حئی نے کہاکہ آذربائیجان نے پاکستان سے چاول درآمد کرنے پرعائد ڈیوٹی ختم کردی ہے،آذربائیجان پاکستانی چاول کی برآمد کی بڑی مارکیٹ ہے،اس کے علاوہ فارماسیوٹیکل مصنوعات کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے،پاکستانی برآمد کنندگان کو ان سیکٹرز پر توجہ د ے کرآذربائیجان کو اپنی برآمدات میں اضافہ کرنا چاہیے،

اگر کسی پاکستانی ایکسپورٹر کو ایکسپورٹ کرنے میں مسئلہ ہو تو وہ ایران کی بندر عباس پورٹ کو بھی استعمال کر سکتاہے ۔عرفان اقبال شیخ اور محمدندیم قریشی نے پاکستان اور آذربائیجان کے دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو سراہا اورکہاکہ ہم اپنے ممبران کو قائل کریں گے کہ وہ ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں، دونوں ممالک کا تجارتی حجم کاروباری وفود کے تبادلے اور تجارتی و صنعتی نمائشوں کے انعقاد سے بڑھایا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں