یو بی جی نے ایف پی سی سی آئی الیکشن کیلئے تمام تیاریاں کرلی ہیں، زبیر طفیل

یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے صدر زبیرطفیل نے کہا ہے کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی)نے آئندہ ماہ 30دسمبر کو ہونے والے الیکشن کیلئے مکمل تیاریاں کرلی ہیں اور ہم اپنے ووٹرز سے مکمل رابطے میں ہیں،یو بی جی ہمیشہ بزنس کمیونٹی کے مسائل حکومت تک پہنچائے اور انہیں حل کرانے کیلئے ہرسطح تک گئے اور آئندہ بھی صدارتی منصب پر عاطف اکرام شیخ منتخب ہوکر کاروباری برادری کو پریشانی سے نجات دلانے کیلئے ہردروازہ تک جائیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں یو بی جی (سندھ) کورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر یو بی جی سندھ زون کے چیئرمین خالدتواب، سیکریٹری جنرل (سندھ ریجن)حنیف گوہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ سید مظہرعلی ناصر،گلزارفیروز،احمد چنائے، ملک خدا بخش، عبد السمیع خان،میاں ارشدفاروق،غضنفر علی خان، شاہین الیاس سروانہ،ملک سہیل حسین،شیخ عمرریحان، سعیدہ بانو،حاجی جمال الدین اچکزئی،شہزادمبین،اشتیاق بیگ،مسلم محمدی،نوراحمدخان،فرحان الرحمان،فرزانہ برنی اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

خالدتواب نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام تر غیرقانونی اقدامات کے باوجود ہم بزنس مین پینل کو فرار کا راستہ نہیں دیں گے،افسوس یہ ہے کہ اقتدار کی ہوس میں بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے ایف پی سی سی آئی کی عزت کی دھجیاں بکھیر دی ہیں اور ہم نے دنیا بھر میں فیڈریشن کا جو مقام بنایا تھا اقتدار کے لالچ میں بزنس مین پینل سے منتخب عہدیداران نے اسے دوبارہ اندھی کھائی میں دھکیل دیا ہے لیکن عاطف اکرام شیخ یو بی جی کے مضبوط امیدوار ہیں اور وہ منتخب ہوکر اس ادارے کو دوبارہ بلند مقام پر لے جائیں گے۔

حنیف گوہر نے کہا کہ،فیڈریشن چیمبر آف کامرس کی موجودہ قیادت ٹریڈ آرگنائزیشن قوانین کو روند رہی ہے،متنازعہ الیکشن کمیشن قائم کرکے من پسند نتائج حاصل کرنے کی سازشیں شروع ہوچکی ہیں لیکن اب ہم غیرقانونی اقدامات کے سامنے لوہے کی دیوار بن جائیں گے۔اراکین کورکمیٹی نے اجلاس میں یو بی جی قیادت کو الیکشن کے حوالے سے بعض تجاویز بھی دیں جبکہ صدر زبیرطفیل اور خالدتواب نے کورکمیٹی کے اراکین کوووٹرز سے رابطے سمیت دیگر اہم ذمہ داریاں سونپیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں