ایس آئی ایف سی پاکستان کے معاشی مفادات کے لیے بہت اہم ہے، عاطف اکرام شیخ

وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی )کے صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ملک کی خودمختاری اور آزادی کے لیے مستحکم معیشت بہت ضروری ہے ، آئندہ ایک دہائی کے لیے معاشی بحالی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ ملک خود کفیل ہو سکے۔ اس وقت ملک کو مہنگائی اور صنعتی شعبے کی مشکلات کا سامنا ہے۔

بیرونی قرضوں میں اضافہ ہوا ہے جب کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے قرض کی سہولیات کے لیے سخت شرائط عائد کر رہے ہیں جس سے معیشت اور عوام متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیفالٹ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ سیاسی غیر یقینی، سیکورٹی خدشات، کمزور بنیادی ڈھانچے، مشکل انتظامی طریقہ کار، شفافیت کی کمی، اقتصادی پالیسیوں میں متواتر تبدیلیوں اور ٹیکس اور سرمایہ کاری کے قوانین کی وجہ سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بہت کم ہوئی ہے جن کو بہتر بنایا جائے۔

حکومت نے جون 2023 میں اقتصادی بحالی کے لیے ایک حکمت عملی بنائی ہے تاکہ اہم شعبوں کو ترقی دی جاسکے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے علاوہ مقامی وسائل کا استعمال کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی برآمدات ،غیر ملکی سرمایہ کاری ،توانائی ،دفاع ،زراعت ،لائیو سٹاک ،معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسی اہم صنعتوں میں دستیاب صلاحیت کو پوری طرح سے بروئے کار لائے گی۔مرکز اور صوبوں کے درمیان تعاون بڑھایا جائے گا اور فیصلہ سازی اور سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا ک ایس آئی ایف سی غیر ترقیاتی اخراجات کو کم اور مقامی قومی وسائل کو استعمال کرکے پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے جو خوش آئند ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں