چائنا یوریشیا کموڈٹی اینڈ ٹریڈ ایکسپو میں پاکستانی مینگو فیسٹیول شروع

پاکستانی آم دنیا میں ایک خاص مقام رکھتا ہے،کمرشل قونصلر غلام قادر

بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے کہا کہ پاکستانی آم اپنے منفرد ذائقے اور شاندار مہک کے حوالے سے پوری دنیا میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ چائنا یوریشیا کموڈٹی اینڈ ٹریڈ ایکسپو میں پانچ روزہ پاکستانی مینگو فیسٹیول کے موقع پر غلام قادر نے کہا کہ ارومچی میں پاکستان مینگو فیسٹیول پاکستان آموں کی نمائش کر رہا ہے جس سے شرکا کو پاکستانی آم کی اقسام جیسے سندھڑی، چونسہ، انور رتول اور دیگر کا مزہ چکھنے کا موقع ملےگا ۔

یہ فیسٹیول نہ صرف ذائقہ کی ایک دعوت ہے بلکہ ثقافتی تبادلوں اور اقتصادی شراکت داری کی مضبوطی کی علامت بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں آنے والے شرکا مختلف پاکستانی مصنوعات، ٹیکسٹائل، دستکاری اور بہت کچھ کی نمائش کرنے والے اسٹالز دیکھ سکتے ہیں۔ یہ ثقافتی تبادلہ تفریق کو ختم کرتا ہے، ثقافتی سفارت کاری میں سہولت فراہم کرتا ہے اور باہمی احترام اور تجسس پر مبنی تعلقات کو فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت ارمچی کی دعوت پر سینیٹر رانا محمود الحسن سینیٹ آف پاکستان کے چھ رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ملتان سے آم کے 20 سرکردہ برآمد کنندگان اس ایکسپو میں شرکت کر رہے ہیں۔یہ بات قابل غور ہے کہ اس ایکسپو میں پاکستان سمیت 40 ممالک شرکت کر رہے ہیں، جس میں متعدد پاکستانی نمائش کنندگان ملک کی ثقافتی اور روایتی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں