یو اے ای سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ ایک جامع اکنامک پارٹنرشپ پر دستخط کرنے کے لیے کام کر رہا ہے جس سے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے لیے دو طرفہ تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن راشد عبدالرحمٰن العلی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے بہتر معاشی مستقبل کے بارے میں بہت پر امید ہیں کیونکہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور چین سے بڑی سرمایہ کاری پاکستان آرہی ہے۔

انہوں نے پہلی بار پاکستان معدنیات سمٹ 2023 کے انعقاد کو ملک کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ زراعت، ٹیکسٹائل، ماربل، ٹائلز، قیمتی پتھر، کان کنی اور پیٹرولیم سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان حکومتی اور نجی شعبوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط مضبوط کر کے باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لیے ایک پرکشش ملک ہے اور سیاحت کا انفراسٹرکچر بہتر کر کے اس شعبے کو بہتر ترقی دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کاسفارتخانہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی کوششوں میں ہرممکن تعاون کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے دوستانہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے جو پاکستان کے ساتھ اس کی گہری ہمدرری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے کیونکہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت 10 ارب ڈالر سے زائد ہے۔ تاہم باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کر کے دوطرفہ تجارت میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے جس کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں جس سے ہمارا سیاحت کا انفراسٹرکچر بہتر ہو گا اور سیاحت میں اضافہ ہو گا۔ ظفر بختاوری، سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی نے کہا کہ آئی سی سی آئی یو اے ای سفارتخانے کے تعاون سے چیمبر کے آڈیٹوریم میں پاکستان-یو اے ای بزنس فورم منعقد کرنا چاہتا ہے تا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔ یو اے ای کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے مذکورہ تقریب کو کامیاب طریقے سے منعقد کرنے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ خالد اقبال ملک گروپ لیڈر، چوہدری جاوید اقبال، مقصود تابش، بابر چوہدری اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور پاکستان و متحدہ عرب امارات کے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں