ایف پی سی سی آئی اور دیگر کاروباری اداروں کا پاکستان اورقزاخستان کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کے آغاز کا خیرمقدم

  فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (یف پی سی سی آئی ) اور دیگر کاروباری اداروں نے پاکستان اورقزاخستان کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اس اقدام سے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ایف پی پی سی آئی کے صدر عرفان اقبال ملک نے اے پی پی سے گفتگو میں بتایا کہ یہ اقدام قزاخستان اور دیگر وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ باہمی کاروباری اور اقتصادی انضمام کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، براہ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے امکانات بڑھیں گے۔

قزاخستان کے صنعتی مرکز الماتے سے لاہور کے لیے ہفتے میں دو پروازیں معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔عرفان ملک نے کہا کہ پاکستان میں قزاخستان کے سفیر دونوں برادر ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کے آغاز میں اہم کردار ادا کرنے پر تعریف کے مستحق ہیں۔کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر محمد طارق یوسف نے نے بتایا کہ براہ راست پروازوں کے آغاز سے پاکستان اور قزاخستان کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری سمجھتی ہے کہ اس اقدام سے قزاخستان اور وسطی ایشیا کے ساتھ تجارتی تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ قزاخستان وسطی ایشیا کا ایک اہم ملک ہے اور لاہور اور الماتے کے درمیان براہ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات مضبوط ہوں گے ، اس سلسلے میں پاکستان میں قزاخستان کے سفیر کا کردار لائق تحسین ہے ۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ براہ راست پروازوں سے تجارت کے علاوہ سیاحت اور ثقافتی روابط کو بڑھانے میں بھی مددملیگی ،لاہور چیمبر نے اسلام آباد میں قزاخستان کے سفارت خانے کو لاہور اور الماتے کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے اور اس آپریشن میں قزاخستان کی قومی ایئر لائن کو شامل کرنے کو بھی سراہا ہے۔

کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے صدر ولی محمد نوزئی نے براہ راست پروازوں کے آغاز کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا اورکہا کہ دونوں ممالک کے بڑے شہروں کے درمیان ایسی براہ راست پروازیں شروع کی جانی چاہئیں جن میں کوئٹہ بھی شامل ہے جس کا وسطی ایشیا سے تاریخی تعلق ہے۔پشاور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز آفریدی نے کہا کہ پی سی سی آئی لاہور اور الماتے کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کا خیرمقدم کرتا ہے کیونکہ ہمارے تاجر وسطی ایشیا سے تجارتی طور پر جڑے ہوئے ہیں ۔

اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ قزاخستان وسطی ایشیا کی سب سے بڑی معیشت ہے اور براہ راست فضائی پرواز سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی اسلام آباد کے تاجروں کے ایک بڑے وفد کے ساتھ قزاخستان کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں کاروباری امکانات تلاش کر سکیں۔راولپنڈی چیمبر کے صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ وہ وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص قزاخستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی روابط جیسے اقدامات سے تجارت کو فروغ ملے گا۔گوجرانوالہ چیمبر کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان لاہور سے الماتے تک براہ راست فضائی پرواز کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں