نگران صوبائی وزیر صنعت ومعروف صنعت کار ایس ایم تنویر یونائیٹڈ بزنس گروپ کے بلامقابلہ سرپرست اعلی منتخب

یہ نشست بزرگ صنعت کار اور تاجر رہنما ایس ایم منیر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ کور کمیٹی نے تفصیلی بحث کے بعد مرحوم ایس ایم منیر کے بڑے صاحبزادے ایس ایم تنویر کو متفقہ طور پر نئے سرپرست اعلیٰ کے طور پر گروپ کی سربراہی کے لیے نامزد کیا۔ تمام شرکا نے مرحوم ایس ایم منیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تجارت اور صنعت کو فروغ دینے کیلئے زندگی بھر شاندار خدمات سرانجام دیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نئے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے ان پر مکمل اعتماد کرنے پر ملک بھر سے آنے والے شرکا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں کریں گے اور ملک میں معاشی استحکام کے حصول اور پالیسی سازی کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر فیصلے کریں گے۔

یو بی جی کے چیئرمین شہزاد علی ملک، ستارہ امتیاز نے نو منتخب سرپرست اعلیٰ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایس ایم تنویر سرکاری اور پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے اور ہر سطح پر تاجر برادری کی وکالت کریں گے اور وہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔یو بی جی کے صدرزبیر طفیل نے ایس ایم تنویر کے انتخاب کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایس ایم تنویر متحرک اور فعال شخصیت رکھتے ہیں اور وہ یو بی جی کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کریں گے۔ یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایس ایم تنویر کا انتخاب جہاں ایک طرف ان کے والد ایس ایم منیر کی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے وہاں ایس ایم تنویر جیسی باصلاحیت شخصیت ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی بہترخدمت کرنے میں نئی مثال قائم کرے گی۔

یو بی جی سند ھ کے صدر خالد تواب شیخ نے ایس ایم تنویر کا نام سندھ کی کور کمیٹی کی طرف سے تجویز کیا جسے کی پی کے کے صدر غضنفر بلور، بلوچستان کے صدر دارو خان، اسلام آباد کے صدر عبدالرؤف عالم اور پنجاب کے سینئر نائب صدر عامر عطا باجوہ کی تائید کے بعد اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔معروف صنعتکار اور آپٹما کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے اپٹما کی انتخابی تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج اپٹمااتحاد و اتفاق سے تاجر برادری کا ایک اہم ادارہ بن چکا ہے۔ اسی طرح سے ہم یو بی جی کو پاکستان کا ایک اہم ترین ادارہ بنائیں گے جو معاشی پالیسی سازی میں ایک اہم کردار ادا کرے گا اور ملک میں ترقی و خوشحالی کی نئی بنیاد استوار کرے گا۔

اجلاس میں اتفاق رائے سے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر، چیئرمین شہزاد علی ملک، صدر زبیر طفیل اور سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری پر مشتمل چار رکنی مرکزی کور کمیٹی قائم کی گئی جو ملک بھر میں یو بی جی کی تنظیم نو کیلئے سفارشات پیش کرے گی۔ شیخ ریاض الدین، حنیف گوہر، عاطف اکرام، نعمان بٹ، احمد چنائے، عامر عطا باجوہ، قاضی اکبر، زاہد اقبال چوہدری، منظور ملک، ملک سہیل حسین، چوہدری راشد حمید، محمد امجد چوہدری، میاں رحمٰن عزیزچن، سید جواد حسین کاظمی، میاں زاہد حسین، ممتاز شیخ، حاجی عطا الرحمٰن، میاں ظفر اقبال، روؤف مختیار، پیر ناظم حسین شاہ، مومن علی ملک اور دیگربھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں