رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے تمام گروپ لیڈرز کا لاہور چیمبرکے ”فائونڈر گروپ“ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار

 رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (آر ای اے پی ) اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے تمام گروپ لیڈرز نے لاہور چیمبر آف کامرس کے سب سے پرانے ”فائونڈر گروپ“ کی قیادت پر مکمل و غیرمتزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور صنعتکار و تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لئے متفقہ طور پر نہ صرف اس کی حمایت جاری رکھنے بلکہ اسے مزید مضبوط بنانے کا عہد کیا ہے۔

بدھ کو یہ واضح یقین دہانی یو بی جی کے چیئرمین اور رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین شہزاد علی ملک کی طرف سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر کرائی گئی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدور اور رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں کی بڑی تعداد نے ڈنر میں شرکت کی۔ گروپ لیڈرز نے قومی، صوبائی اور علاقائی سطح پر کاروباری برادری کے حقوق کی وکالت کرنے اور ان کو درپیش شکایات کے ترجیحی بنیادوں پر ازالے کو کوششیں کرنے پر ” فائونڈرگروپ“ کی بے لوث خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب اس کے چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میں متحد ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کر رکھی ہے۔ میزبان شہزاد علی ملک نے اظہار تشکر کرتے ہوئے گروپ لیڈرز اور تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ ”فاﺅنڈرگروپ“ کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں