خلیجی ریاستوں میں نئی منڈیوں کی تلاش، پی ایف سی ریاض انٹرنیشنیل ایکسپو میں شرکت کرے گی، سی ای اومیاں کاشف اشفاق

  پاکستان فرنیچر کونسل ( پی ایف سی)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی خلیجی ریاستوں میں کاروباری مواقع اور نئی منڈیوں کی تلاش کے لیے 7 نومبر سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والی تین روزہ بین الاقوامی نمائش میں شرکت کرے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ چن ون کے ساتھ پی ایف سی اس بین الاقوامی میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی، اس نمائش میں دنیا بھر سے ہزاروں صنعت کار شرکت کر کے اپنی مصنوعات کی نمائش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چن ون انٹرنیشنل مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھانے کے لیے اپنی اعلیٰ و بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی نمائش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ کاروباری معاہدے کرنے کا بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو دنیا بھر سے خریداروں کو ایک سورسنگ پلیٹ فارم بھی فراہم کر تی ہے جس میں بنیادی اشیاسے لے کر انتہائی تخلیقی اور معیاری مصنوعات کی وسیع رینج شامل ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون پہلے بھی امریکا، چین، اٹلی، سری لنکا و دیگر ممالک میں متعدد بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت کر کے اپنی مصنوعات متعارف کروا چکے ہیں جن کی مارکیٹ میں بہت زیادہ مانگ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ غیر ملکی خریداروں سے آرڈر کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی تجارتی میلوں میں شرکت کا بنیادی مقصد قومی معیشت کو مضبوط بنانا ہے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان برآمدی مصنوعات تیار کرنے والوں کو اس ضمن میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی طرف سے دیئے گئے خصوصی مراعاتی پیکج سے متعلق آگاہی دینے کے لیے سرمایہ کاری ٹائیکونز کے ساتھ میراتھن ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں