باہمی تجارت اور سرمایہ کاری: امریکہ کے Gwinnett چیمبر اٹلانٹا اور ایف پی سی سی آئی کا تعاون کا عزم

ایف پی سی سی آئی کے وائس چیئرمین محمد سلیمان چاولہ نے دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے؛ فارن ڈائریکٹ انویسمنٹ کی شکل میں سرمایہ کاری اورجوائنٹ وینچرز کے مواقع تلاش کرنے اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضا فے کے لیے امریکی تاجر برادری کے اٹلانٹا، جارجیا سے آئے Gwinnettچیمبر آف کامرس کے وفد کی جانب سے گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا ہے۔وہ اعلیٰ سطحی وفد کے کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ محمد سلیمان چاولہ نے کہا کہ ان کی رائے میں امریکہ پاکستانی تاجروں اور تمام شعبوں میں خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے روایتی اور غیر روایتی مصنوعات اور خدمات دونوں میں سب سے اہم منڈیوں میں سے ایک ہے۔ مزید برآں، امریکہ سے ترسیلات زر سالانہ 2.5 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں؛ جو کہ پاکستان کی کل ترسیلات زر کا تقریباً 13 فیصد بنتا ہے۔

انہوں نے اس حقیقت پر زور دیا کہ پاکستان میں ایسی کوئی قانونی یا ریگولیٹری پابندیاں نہیں ہیں جو کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے کمائے گئے منافع کی ان کے وطن واپسی پرقدغن لگا سکیں۔Gwinnettچیمبر کے وفد کے سربراہ عمران سورانی نے کہا کہ انہوں نے مندوبین کو باور کرایا ہے کہ پاکستان کاروباری دوروں اور اقتصادی سیاحت کے لیے ایک محفوظ ملک ہے اور پاکستان جوائنٹ وینچرز کے لیے بہت عمدہ ماحول فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹلانٹا کی اچھی کمپنیاں پاکستان کے ساتھ کاروبار کرنے کو تیار ہیں اور ان کا پاکستان کے اعلیٰ ترین چیمبر کا دورہ اس حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز کاروباری رہنما حاجی جمال الدین اچکزئی نے کہا کہ پاکستانی خشک میوہ جات اور جڑی بوٹیاں بالواسطہ تیسرے ممالک کے ذریعے امریکی منڈیوں میں پہنچ رہی ہیں اور ہمیں دونوں ممالک کی حکومتوں کی طرف سے سہولت فراہم کی جانی چاہیے تاکہ ہم براہ راست برآمد کر سکیں۔

پاکستان سے فوڈ اینڈ ریسٹورنٹ انڈسٹری کے ایک بڑے رہنما شوکت علی اومرسن نے کہا کہ پاکستانی کھانے امریکہ میں بہت مقبول ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ پاکستان کے فوڈ انڈسٹری کے کاروباری افراد کو امریکہ میں اپنے آؤٹ لیٹس قائم کرنے کے لیے سہولیات فراہم کریں؛ اس سے نہ صرف معاشی سرگرمیاں پیدا ہوں گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ پاک امریکہ تاجر برادری کے سرگرم رکن شیخ امتیاز حسین نے کہا کہ یہ تجارتی وفد صحیح جگہ پر آیا ہے؛ کیونکہ ایف پی سی سی آئی پاکستان میں تجارتی فروغ کی سرگرمیوں کا مرکز ہے اور پاکستانی تاجر برادری اپنے کاروباری جذبے کی وجہ سے جانی جاتی ہے اور اس نے ہمیشہ امریکہ میں پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں