اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس؛ ایک ارب ڈالر کی کورونا ویکسین کی خریداری کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک ارب ڈالر کی چار مختلف اقسام کی ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا، کابینہ نے ملک بھر میں 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کیلئے ایک ارب ڈالر کی ویکسین خریداری کی منظوری دے دی، ویکسین کی خریداری کیلئے پہلے مرحلے میں 18 کروڑ ڈالر کی منظوری دی گئی ہے، 18 کروڑ ڈالر کی رقم این ڈی ایم اے کو ویکسین کی خریداری کیلئے دی جائے گی، منظوری کے تحت ایک ارب ڈالر کی کین سائنو، سائنو فارم، سائنو ویک اور فائزر ویکسین خریدی جائے گی۔

کابینہ نے کم ترقی یافتہ علاقوں کے طلباء کی فیس ادائیگی کیلئے گرانٹ، احساس کوئی بھوکا نہ سوئے فنڈ کے قیام، کنٹرولر جنرل آف پاکستان کیلئے 1 ارب 16 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ، وزارت تعلیم کیلئے 37 کروڑ 80 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کیلئے 33 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ، کنٹرولر جنرل آف پاکستان کے وفات پا جانے والے ملازمین کی فیملیز کو وزیراعظم کے امدادی پیکج کیلئے 35 کروڑ کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں ترسیلات زر کے حوالے سے نئی اسکیم کی مارکیٹنگ کیمپین کیلئے 74 کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ کی  منظوری دی گئی، اجلاس میں سپریم کورٹ کے ججز کی سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیر و مرمت کیلئے فنڈز اور وزارت انسانی حقوق کیلئے 2 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کی گرانٹ بھی  منظور کی گئی، جبکہ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے اضافی فنڈز کیلئے وزارت آئی ٹی کی سمری منظور کرلئے، اس کے علاوہ انٹیلی جنس بیورو کیلئے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں