حکومت کی بہتر کوششوں سے معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے، ایس ایم تنویر

پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ موجودہ حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عمل پیرا ہے جس کی وجہ سے اب معیشت مشکلات سے نکل کر بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو بی جی کے ایف پی سی سی آئی کیلئے صدارتی امیدوار اور چیمبر کے سابق صدر عاطف اکرام شیخ کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ یو بی جی کے پاس کاروباری برادری کے اہم مسائل کو حل کرنے، برآمدات میں اضا فہ کرنے ، زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانے اور صنعت کاری کو فروغ دینے کا ایک واضح پلان موجود ہے اور ایف پی سی سی آئی کا آئندہ الیکشن جیت کر اس پر عمل کیا جائے گا جس سے معیشت بہتر طور پر بحال ہو گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں نجی شعبے کو فروغ دینے، برآمدات کو بڑھانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بہت کردار اہم ہے تاہم فیڈریشن کی موجودہ قیادت اس کردار کو بخوبی نبھانے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی زیر قیادت فیڈریشن اس کردار کو موثر انداز میں نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے ہمیشہ یو بی جی کی بھرپور حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا اور تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے اور معیشت کو فروغ دینے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔

سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی پاکستان ظفر بختاوری نے کہا کہ نجی شعبہ معیشت کی ترقی میں سے سب نمایاں کردار ادا کرتا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں بزنس لیڈز کو رول ماڈل کے طور پر فروغ دیا جائے تا کہ نوجوان طبقہ کاروبار کی طرف راغب ہو کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکے۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور ایف پی سی سی آئی کے لیے یو بی جی کے صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ فیڈریشن کا الیکشن جیت کر بزنس کمیونٹی کی مثالی خدمت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے اہم مسائل کو حل کرانے اور معیشت کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں