خواتین کی بزنس فنانس تک رسائی، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 155.5 ملین ڈالر کی معاونت کی منطوری دے دی ہے

ایشیائی ترقیاتی بینک نے مالیاتی شعبے تک خواتین کی رسائی میں اضافے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے لئے خواتین کوقرضوں کی فراہمی کے ضمن میں پاکستان کے لئے 155.5 ملین ڈالر کی معاونت کی منطوری دے دی ہے۔

بینک کی طرف سے پیر کو جاری اعلامیے کے مطابق اس معاونت میں 100 ملین ڈالر کاپالیسی قرضہ بھی شامل ہے جو مالیات تک خواتین کی رسائی بڑھانے کے لئے قانونی اور ضابطہ جاتی اصلاحات کے لئے بروئے کار لایاجائے گا، 50 ملین ڈالر مالیاتی انٹرمیڈیٹیشن قرضہ بھی اس معاونت کاحصہ ہے جس کے تحت خواتین کو قرضے کی فراہمی کے لئے مالیاتی اداروں کی مد د کی جائے گی،

علاوہ ازیں مالیات سے متعلق سرگرمیوں کے لئے 5.5 ملین ڈالر کی مزید معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کےڈائریکٹر جنرل برائے وسطی ومغربی ایشیا یوگینی زکوپ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ خواتین کی شمولیت اور انہیں مساوی اقتصادی مواقع فراہم کئے بغیر جامع ،موزوں اور پائیدار ترقی کاحصول ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کی اس معاونت سے مالیاتی ایکو سسٹم کو بہتر بنانے ، مالیات میں خواتین کی رسائی میں اضافے اور خواتین کو بااختیاربنانے و انہیں روزگار کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کی افرادی قوت میں خواتین کاحصہ23 فیصد جبکہ کاروبار میں ان کی شمولیت کی شرح دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔ اے ڈی بی کے سینئر اکانومسٹ اینڈریو میکارتے نے بتایا کہ پاکستان میں کاروباری خواتین کی ایک تعداد موجود ہے تاہم ان کی موجودگی کااعتراف نہیں کیا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری خواتین کی استعدادکارمیں بہتری اور ان کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے پالیسی اصلاحات ضروری ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں