ایس ای سی پی کی مالی سال23۔2022 کی سالانہ رپورٹ جاری ،کل 27,746 نئی کمپنیاں رجسٹر ڈ

 سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے مالی سال 23۔2022 کے لئے سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں گزشتہ مالی سال کے دوران کئے گئے کاروباری آسانیوں کی فراہمی، سرمائے کی دستیابی ، کپیٹل مارکیٹ کے فروغ اور چھوٹے کاروبار اور سٹارٹ اپ کے فروغ کے اقدامات و اصلاحات کی تفصیلات اور کمیشن کی سالانہ مالیاتی اسٹیٹمنٹ شامل ہے ۔

ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعید نے کمیشن کی جانب سے ایس ای سی پی نے اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے قانون کے شفاف اور منصفانہ نفاذ، سرمایہ کاری کو سہل بنانے ، فنانشل سیکٹر میں مسابقت کو فروغ دینے، انٹرپرینیورشپ اور فن ٹیک کے شعبے کو سپورٹ کرنے اور مالیاتی شمولیت میں اضافے اور مارکیٹ کو وسعت اور فروغ دینے کے اقدامات پراطمینان کا اظہار کیا ہے ۔

رپورٹ میں شائع ہونے والے اپنے پیغام میں عاکف سعید نے کہا کہ ان تمام شعبوں میں ترقیاتی اصلاحات کے حصول میں ٹیکنالوجی کے استعمال،ر مارکیٹ کے شرکا اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت نے اہم کردار ادا کیا۔گزشتہ مالی سال کے دوران ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل قرض دینے والی ایپس کے بارے میں بڑھتی ہوئی شکایات اور اس حوالے سے ریگولیٹری فراہم ورک کو مضبوط کرنے پر خاص زور دیا۔

اس سلسلے میں ایس ای سی پی نے گوگل، پی ٹی اے اور ایف آئی اے کے ساتھ رابطہ اور تعاون کے نتیجے میں 120 سے زائد قرض فراہم کرنے کے جامع فریم ورک نافذ کیا، عوام میں آگہی پیدا کرنے کے حوالے سے ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں کی تعلیم کے پروگرام ‘جمع پونجی’ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا تاکہ مالیاتی شعبے کے صارفین کے حقوق کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نیا ٹریڈنگ سسٹم کامیابی کے ساتھ متعارف کروا دیا گیا ہے جس میں سرمایہ کاری کی نئی مالی مصنوعات کو متعارف کروانے کی سہولت موجود ہے۔ نئے سسٹم سے مارکیٹ میں ٹریڈنگ کی پروسیسنگ کی رفتار بہتر ہوئی ہے جبکہ نیا سسٹم کئی گنا زائد ٹریڈنگ کے حجم کی بھی پراسیسنگ سہولت کے ساتھ کر سکتا ہے۔ آن لائن سکیورٹیز بروکرز کیلئے ایک نیا ریگولیٹری فریم ورک متعارف کروا دیا گیا ہے جس سے بروکرز اب اپنے صارفین اور ٹریڈنگ پر زیادہ توجہ مرکوز کر پا رہے ہیں ۔

مزید سرمائے کی منڈی کے تمام شعبوں کے صارفین کی ’ اپنے صارف کو پہچاننے ‘ کے تقاضوں کو مکمل کرنے کے لئے سینٹرلائزڈ گیٹ وے پورٹل بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔ ایس ای سی پی کی داخلی آٹومیشن اور اداراہ جاتی اصلاحات کے نتیجے میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں خاظر خواہ اضافہ دیکھا گیا ۔ مالی سال 2022-23 میں کل 27,746 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ 30 جون 2023 تک رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 196,805 ہوگئی تھی۔ نان بینکنگ فنانس سیکٹر کے اثاثوں میں 35.9 فیصد کا خاطر خواہ اضافہ دیکھاگیا جبکہ انشورنس سیکٹر کی آمدنی میں 34 فیصد اضافہ ہوا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں