ایف بی آر کی جانب سے دس لاکھ نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی منصوبہ بندی خوش آئند ہے، کاشف انور

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ایک ملین نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ لانے سے متعلق منصوبہ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے موجودہ ٹیکس دہندگان کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا یہ قدم دور رس نتائج کا حامل ہوگا اور اس سے ٹیکس نیٹ کو خاطر خواہ وسعت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھرڈ پارٹی ڈیٹا اور بورڈ کے مرکزی ڈیٹا بیس کا استعمال ٹیکس پالیسیوں کی جدت اور ریونیو بڑھانے کی طرف ایک قدم ہے۔

انہوں نے موثر اصلاحات کے طور پر ٹیکس پالیسی کو ایف بی آر سے الگ کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے نئے ٹیکس دہندگان کی تلاش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور آئی ایم ایف کی تکنیکی ٹیم کے درمیان تعاون اصلاحات میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی بہترین کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ساٹھ ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرنا سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کی آمد، مارک اپ ریٹ میں کمی کی توقع اور دیگر عوامل نے سٹاک مارکیٹ کو بلند ترین سطح پر لے جانے میں اہم کردار ادا کیاہے۔

انہوں نے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول تشکیل دینے میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔ مزید برآں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور ، سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے متحدہ عرب امارات کے دورے اور اٹھائیسویں کانفرنس آف پارٹیز میں شرکت کو بھی سراہا اور توقع ظاہر کی کہ اس سے دوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے بہترین شعبوں کی نشاندہی میں خصوصی سرمایہ کاری کونسل بھی اچھا کردار ادا کررہی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں