پاکستان نے ایکسٹرنل فنانس گیپ پر آئی ایم ایف کو نئی تجاویز دیدیں

پاکستان کی جانب سے ایکسٹرنل فنانس گیپ پر بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو نئی تجاویز دی گئی ہیں۔

ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق نگراں حکومت کو رواں مالی سال غیر ملکی سرمایہ کاری میں بڑے اضافے کی امیدیں ہیں اور ایکسٹرنل فنانس گیپ کو براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے پورا کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ہے۔

عرب ممالک توانائی، ایوی ایشن، معدنیات اور زراعت میں بڑی سرمایہ کاری کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جنوری سے توانائی، ایوی ایشن، معدنیات اور زراعت میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ رواں ماہ ہونے کا امکان ہے جبکہ عرب کمپنیاں ایئر پورٹس اور بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے اور چلانے میں سرمایہ کاری کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیج تعاون تنظیم سے آزاد تجارت کا معاہدہ ہو گیا ہے اور اب باہمی سرمایہ کاری معاہدہ کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پر وزارتِ خزانہ سے بریفنگ مانگ لی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پوچھا ہے کہ کونسل کے اقدامات سے ٹیکس وصولی اور سبسڈیز پر کیا اثرات ہوں گے؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں