کمزور معیشت کو پائیدار استحکام کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کی ضرورت ہے:شہزاد علی

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے پنجاب کی نگران کابینہ میں شامل ہونے والے وزراءایس ایم تنویر اور سید اظفر علی ناصر کو مبارکباد دی ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے کہا کہ پہلی بار اچھی شہرت کے حامل، خدمت کے جذبے سے سرشار اور دیانتدار صنعت کاروں کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جو موجودہ حالات میں بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ دونوں وزراءوزراءکاروباری برادری کے حقیقی نمائندے ہیں اور نجی شعبے میں گڈ گورننس کا وسیع علم اور بھرپور تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صنعت، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے وزیر کی حیثیت سے ایس ایم تنویر صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے اپنی بھر پور صلاحیتوں کو بروئے کا ر لائیں گے اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے کیلئے نجی شعبے کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ دنیا بھر میں پائیدار معیشت کو ریاست کی بقا کیلئے سب سے زیادہ اہم سمجھا جاتا ہے۔ ہماری کمزور معیشت کو پائیدار استحکام کیلئے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں وزرائ ملک کو موجودہ معاشی دلدل سے نکالنے کے لیے چیمبرز سمیت صنعت و تجارت کے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر اہم فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری معاشی ترقی کے انجن کو حرکت میں لانے کے لیے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں