آئندہ بجٹ کی تیاری، حکومت بزنس کمیونٹی سے مشاورت کا آغا ز کرے، احسن ظفر بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ آئندہ بجٹ کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے ساتھ مشاورت کے عمل کا آغاز کرے تا کہ بجٹ کو کاروبار دوست اور پالیسیوں کو قابل عمل بنایا جا سکے۔ تاجر پاکستان کی معیشت کے سب سے بڑے سٹیک ہولڈر ہیں، پالیسوں پر بہتر انداز میں عمل درآمد کیلئے مشاورتی عمل میں شمولیت ناگزیر ہے۔

ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ حکومت تاجر رہنمائوں کے ساتھ بات چیت کا آغاز کرے، ان کے مسائل کو کم کرنے کے لیے ان کی تجاویز کو بجٹ دستاویز میں شامل کرے جس کے نتیجے میں عوام کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت اپنے انتخابی منشور کے مطابق اس مسئلے پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دے گی اور تاجر برادری اور عام آدمی کے بہترین مفاد میں طویل المدتی پالیسیاں مرتب کرے گی۔ صدر آئی سی سی آئی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ایک دور اندیش رہنما ہیں اور وہ تاجروں اور عوام کی مشکلات سے بخوبی واقف ہیں، اس لیے وہ اپنی اقتصادی ٹیم کو یقینا اس اہم مقصد کے حصول کے لیے تاجر رہنمائوں سے مشاورت شروع کرنے کی ہدایت کریں گے۔ پاکستان کی برآمدات میں اضافے،تجارتی خسارے میں کمی اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے پاس قابل عمل تجاویز موجود ہیں،حکومت کی معاشی ٹیم اس سے فائدہ اٹھائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں