ڈیمریج سمیت تمام ڈیوٹیز کی معافی خوش آئند، شرح سود میں اضافہ تباہ کن ہے، کاٹی

جرمانوں کی مًد میں لاکھوں ڈالر بچ جائیں گے، اسٹیٹ بینک کے اقدام سے انڈسٹری کی تالہ بندی ہوگی، صدر فراز الرحمان

  کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان نے وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری اور وزیر برائے تجارت نوید قمر کی جانب سے پورٹس پر پھنسے مال پر ڈیمریج جرمانے معاف کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے شرح سود میں اضافہ سے 17 فیصد کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پورٹس پر پھنسے مال پر جرمانے معاف کرنے سے لاکھوں روپے کا زرمبادلہ بچ جائے گا اور درآمد کنندگان کی مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے بھی 180 دن کی تاخیر سے ادائیگی اور پیشگی اجازت کی شرط ختم کرکے کئی مہینوں سے جاری بحران کا خاتمہ کیا۔ فراز الرحمان نے کہا کہ درآمدی کنٹینرز کلیئر ہونے سے خام مال کی قلت دور ہوگی اور عوام جرمانوں کا بوجھ اٹھانے سے بچ گئی۔

صدر کاٹی نے کہا کہ شرح سود میں اضافہ سے مہنگائی مزید بڑھے گی، مانیٹری پالیسی کے اعلان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ اسٹیٹ بینک چاہتا ہے کہ صنعتکار انڈسٹری کو تالہ لگا کر بینکوں میں پیسہ رکھ کر سود کھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ ملک میں اسلامی شرعی نظام اور سود سے پاک بینکنگ کے نظام میں تبدیلی کی کوششیں جارہی ہیں ایسے میں اسٹیٹ بینک کا شرح سود میں اضافہ کرنا تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی بحران میں کوئی بھی انڈسٹری 17 فیصد شرح سود پر کاروبار کرنے کی متحمل نہیں۔ اس اقدام سے صنعتی فروغ کا خاتمہ اور صنعتیں بند ہوں گی جبکہ بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ فراز الرحمان نے کہا کہ امیر بینک میں پیسہ رکھ کر منافع حاصل کرسکتے ہیں لیکن وہ غریب لوگ جن کے پاس کوئی جمع پونجی نہیں وہ کیسے گزارہ کریں گے حکومت ان کے بارے میں بھی سوچے۔ صدر کاٹی نے مطالبہ کیا کہ شرح سود فوری طور پر کم کرکے صنعتوں کو بند ہونے سے بچائیں ورنہ معاشی بحران مزید سنگین صورتحال اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں