امریکا اور یورپی یونین فروری 2022 کے دوران پاکستانی مصنوعات کے بڑے درآمد کنندہ رہے، وزارت تجارت کی رپورٹ

امریکا اور یورپی یونین فروری 2022 کے دوران پاکستانی مصنوعات کے بڑے درآمد کنندہ رہے۔ اس دوران پاکستان نے سب سے زیادہ برآمدات امریکا، برطانیہ، سپین، جرمنی، ہالینڈ اور اٹلی کو کی ہیں۔

وزارت تجارت کی رپورٹ کے مطابق فروری 2022 کے دوران امریکا کو کی جانے والی برآمدات 25 فیصد بڑھوتری سے فروری 2021 کی 379 ملین ڈالر کے مقابلہ میں فروری 2022 کے دورن 473 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ برطانیہ کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 27 فیصد اضافہ سے 156 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 199 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔

اسی طرح جرمنی کو کی جانے والی قومی برآمدات میں بھی 60 فیصد اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں جرمنی سے زرمبادلہ کا حصول فروری 2021 کے 112 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 179 ملین ڈالر تک بڑھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اٹلی کو کی جانے والی قومی برآمدات 102 فیصد اضافہ سے 61 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 123 ملین ڈالر جبکہ سپین کو قومی برآمدات کی مالیت 90 فیصد کی بڑھوتری سے 64 ملین ڈالر کی بجائے 121 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

مزید برآں متحدہ عرب امارات کو فروری 2021 کے دورن 75 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں تاہم فروری 2022 کے دوران یو اے ای سے 164 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا ہے اور برآمدات بھی اسی عرصہ میں 17 فیصد اضافہ سے 243 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 284 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ بنگلہ دیش کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں بھی 62 فیصد اور ترکی کو کی جانے والی برآمدات میں 157 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں