سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ تو شروعات ہے، شوکت ترین

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ تو ابھی شروعات ہے ہم اور بھی ضروریات پوری کریں گے۔

یہ بات انہوں نے احتجاج و دھرنے کیلئے اکھٹے ہونے والے سرکاری ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کی، وہ وزیراعظم کی جانب سے تنخواہیں بڑھانے کے اعلان کے بعد سرکاری ملازمین کی جانب سے منعقد کردہ اجتماع میں پہنچے۔

اس موقع پر شوکت ترین نے کہا کہ ملازمین کے لیے بہتر اقدامات اٹھائے جائیں گے، حکومت نے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا، کل ہم نے وزیراعظم کو بتایا کہ ہم نے ملازمین سے ایک سال پہلے وعدہ کیا تھا جس پر عمران خان نے کہا کہ بالکل، ملازمین سے کیے گئے وعدہ پورے کریں اور پھر وزیراعظم نے وعدہ پورا کردیا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ ابھی شروعات ہے، انشااللہ آپ کی اور بھی ضروریات پوری کریں گے، نوکری پیشہ افراد کو مہنگائی نے تنگ کیا ہوا ہے، ہم انہیں سپورٹ کریں گے۔

واضح رہے کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج سے قبل تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا، جس کا اطلاق مارچ سے ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں