اے ڈی بی کی کوویڈ ویکسین پروگرام کیلئے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی منظوری

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان کووڈ ویکسین کے لیے 50 کروڑ ڈالر مالیت کی فنانسنگ کا معاہدہ طے پا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اس حوالے سے دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ وفاقى وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان کے علاوہ وزارت اقتصادی امور کے دیگر حکام تقریب میں شریک ہوئے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے مطابق منصوبہ پاکستان کے نیشنل ڈپلائمنٹ اینڈ ویکسی نیشن پلان کے لیے معاون ہوگا، منصوبے سے کوویڈ ویکسین کی 39 لاکھ 80 ہزارخوراکیں، سیفٹی باکس اور سرنجز حاصل کی جاسکیں گی۔

وزارت اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کوویڈ ویکسین کے لیے 500 ملین ڈالر انتہائى سستے ریٹ پر فراہم کرے گا، فنانسنگ معاہدے پر پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن ذوالفقار حیدر نے دستخط کیئے اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر کلیوکاواکی نے دستخط کیے۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب نے کہا کہ حکومت لوگوں کو ویکسین کی بروقت فراہمى کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کی کوویڈ روکنے کی كامياب کوششوں كو عالمی برادری کی طرف سے بہت سراہا جا رہا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسوگو اسکاوا نے کہا کہ ویکسین كوويڈ کے پھیلاؤ اور اموات کو کم کرنے میں مدد دے گی، یہ منصوبہ پاکستان كى وبا کے منفی اثرات کو کم کرنے اور ملک کے حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے کى کامیاب کوششوں کا حصه ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو یہ رقم اے ڈی بی کے دسمبر 2020ء میں شروع کیے جانے والے 9 ارب ڈالر مالیت کے ایشیاء پیسیفک ویکسین تک رسائی کی سہولت کے پروگرام کے تحت فراہم کی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں