بجٹ تجاویز کا ڈرافٹ تیار ،وزارتوں ،ایف بی آر کو ارسال کیا جائے گا ، کارپٹ ایسوسی ایشن

پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نےمحمد شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وزیر اعظم معیشت میں حصہ ڈالنے والےشراکتداروں سے مشاورت کی روایت کا آغاز کرینگے ،موجودہ حالات میں مینو فیکچررز اور ایکسپورٹرز مشکلات سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے برآمدات متاثر ہو رہی ہیں،موجودہ حالات میں پاکستان اس کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف ، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، ریاض احمد، میجر (ر) اختر نذیر، شاہد حسن شیخ اور سعید خان نے اتوار کو اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے بغیر معاشی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت لاکھوں لوگوں کیلئے روزگار کی فراہمی کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ مینو فیکچررز کی طرز پر کمرشل امپورٹرز کو بھی کسٹمز ڈیوٹیز میں ریلیف ملنا چاہیے تاکہ پیداواری لاگت کنٹرول میں رہنے کے باعث ہم عالمی منڈیوں میں مقابلے کی دوڑ میں شامل رہ سکیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ حکومت کی معاشی ٹیم برآمدات میں حصہ ڈالنے والے تمام شعبوں سے رابطوں کا آغاز کرے گی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے عملی پیشرفت کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالےسےاپنی تجاویز بھی تیار کر رہی ہے جس کا ڈرافٹ تمام متعلقہ وزارتوں اور ایف بی آر کو ارسال کیا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں