کراچی میں 10 ہزار ایکڑ کے نئے صنعتی زون کا قیام خوش آئند ہے، قائم مقام صدر کاٹی

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کی قائم مقام صدر نگہت اعوان نے نگران وفاقی وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کی جانب سے کراچی کیلئے جدید طرز پر 10ہزار ایکڑ پر محیط نئے صنعتی زون کے قیام کو خوش آئند قرار دیاہے ۔

بدھ کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کاٹی ہمیشہ سے انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کی حمایت کرتی رہی ہے اور اس سلسلے میں متعدد مواقع پر مطالبہ بھی کیا ہے کہ کراچی پر توجہ دئیے بغیر پاکستان کو معاشی طور مستحکم کرنا ناممکن ہے ۔ قائم مقام صدر کاٹی نے کہاکہ نئے صنعتی زون کے قیام کے ساتھ ساتھ کراچی کے تما م انڈسٹریل زون خصوصاسب سے بڑے کورنگی انڈسٹریل زون میں درپیش انفراسٹرکچر ، سیوریج، پانی اور دیگر مسائل کو بھی فوری حل کرنے کے لئے بھی توجہ درکار ہے۔

نگہت اعوان نے کہا کہ نئی انڈسٹری کے قیام اور صنعتکاری کے فروغ سے نہ صرف ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکس آمدن بڑھے گی اور ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا جس سے پاکستان کو بے شمار فوائد حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کاٹی وفاقی وزیر تجارت کے برآمدات کو 100ارب ڈالر تک لے جانے کے مشن کی بھرپور تائید کرتی ہے اور اس میں ہر ممکن تعاون بھی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پالیسی سازی میں بزنس کمیونٹی کو مشاورت میں شامل نہیں کیا جاتا تھا لیکن وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز اور یوبی جی اور کاٹی کے سرپرست اعلی اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب ایس ایم تنویر نے پالیسی سازی میں بزنس کمیونٹی کو شامل کرکے تاریخی فیصلے کئے جس کے معیشت پر مثبت نتائج مرتب ہوئے اور سب نے پاکستان کو شدید مالی بحران سے نکلتے دیکھا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشی ترقی کیلئے اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت ناگزیر ہے۔

قائم مقام صدر کاٹی نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی موجودہ مثبت پالیسی کو جاری رکھا جائے گا جس سے قوی امکان ہے کہ پاکستانی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں