پاکستان فرنیچر کونسل وفدتین روزہ سیال مونٹریال، کینیڈا ایکسپو میں شرکت کرے گا، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی کا وفد 15 مئی سے شروع ہونے والی 3 روزہ سیال مونٹریال، کینیڈا ایکسپو میں شرکت کرے گا۔ اتوار کو یہاں چوہدری محمد اریب کی قیادت میں نمائش کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد تجارتی تعلقات،مشترکہ تعاون کا فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع کی تلاش ہے،

دورہ کے دوران وفد اہم سٹیک ہولڈرز، سرکاری حکام اور کاروباری رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتیں اور مذاکرات بھی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم دیرپا شراکت داری کے امکانات کے بارے میں پرعزم ہیں جس سے نہ صرف فرنیچر کی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ دونوں ممالک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، باہمی تعاون کو فروغ دے کر ہی ہم دونوں معیشتوں کی ترقی میں معاون مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خیالات کے تبادلے، مہارتوں کے اشتراک اور ایسے روابط قائم کرنے کیلئے کاوشیں کر رہے ہیں جن سے دونوں ممالک کے درمیان کامیاب تعاون کی راہیں ہموار ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں