ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یو بی جی کی کامیابی بزنس کمیونٹی کے لیے تاریخی موقع ہے،ظفر بختاوری

سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یو بی جی کی تاریخی کامیابی بزنس کمیونٹی کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، یہ کامیابی ایس ایم منیر کی یو بی جی فیملی کی فتح ہے جس کیلئے سرپرست اعلی یو بی جی ایس ایم تنویر نے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یو نائیٹڈ بزنس گروپ کی تاریخی فتح کے بعد اسلام آباد واپسی کے موقع پر ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم تنویر نے اپنے والد کے مشن کو جس بھرپور طریقے سے آگے بڑھایا ہے، اس پر ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، ایف پی سی سی آئی انتخابات میں تاریخی جیت اسی اعتماد کا مظہر ہے، عاطف اکرام کی بطور صدر اور ثاقب فیاض مگوں کی بطور سینئر نائب صدر کامیابی موجودہ معاشی حالات میں تاریخ ساز موقع ہے، ایف پی سی سی آئی کی نئی قیادت پالیسی ساز فورمز پر کمیونٹی کی آواز کو موثر انداز میں بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جن مشکل معاشی حالات کا شکار ہے ان میں بزنس کمیونٹی نے اپنے مینڈیٹ کے ذریعے بہتر پالیسیوں کی تشکیل کیلئے اہم قدم اٹھایا ہے۔

سیکرٹری جنرل یو بی جی نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی پاکستان کی معیشت کی سب سے بڑی سٹیک ہولڈر ہے،ایف پی سی سی آئی،چیمبر آف کامرس اور دیگر نمائندہ تنظیموں کی مشاورت کے بغیر کوئی پالیسی کامیاب نہیں ہو سکتی، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے حکومت،اداروں اور سیاسی جماعتوں کو پالیسی سازی میں بزنس کمیونٹی کو بطور سٹیک ہولڈر شامل کرنے کی ضرورت ہے، تمام سیاسی جماعتیں اپنے منشور میں اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ میثاق معیشت اور پائیدار اور طویل المدت پالیسیوں کی تشکیل کیلئے کام کریں گی۔انہوں نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے قومی سطح پر تمام سٹیک ہولڈرز میں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے یو نائیٹڈ بزنس گروپ اپنے پلیٹ فارم سے بھرپور کردار کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں