سینیگال میں بین الاقوامی تجارتی میلہ جاری ، 10 پاکستانی کمپنیوں کی مصنوعات کی نمائش

سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں31 ویں ڈاکار انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں دس پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔ پاکستانی نمائش کنندگان کا مقصد مضبوط کاروباری شراکت داری کو فروغ دینا اور سینیگال اور مغربی افریقہ میں اعلیٰ معیار کی پاکستانی مصنوعات متعارف کرانے کے لیے سینیگال کی مارکیٹ کو تلاش کرنا ہے۔

ان مصنوعات میں کھیلوں کا سامان، آلات جراحی، ٹیکسٹائل (مردوں، خواتین اور بچوں کے کپڑے)، کاسمیٹکس، چمڑے کے سامان، فرنیچر، زیورات اور دستکاری اشیاء شامل ہیں۔ سینیگال میں پاکستانی سفارت خانے نے ڈاکار انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2023 کے موقع پر متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا تاکہ پاکستانی تاجروں کے لیے کاروباری روابط بڑھانے کے مواقع کو زیادہ سے زیادہ بنایا جا سکے۔

ان سرگرمیوں میں سینیگال اور کوٹ ڈی آئیور کے وزراء تجارت کے ذریعے پویلین کا افتتاح، سوشل میڈیا مہم کے ذریعے مصنوعات کی تشہیر اور سٹالز پر اوپن ہائوس جرنی ڈو پاکستان (یوم پاکستان) کا انعقاد شامل ہیں۔ سفارت خانے نے پاکستانی نمائش کنندگان کے لیے سینیگالی ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بزنس نیٹ ورکنگ گالا ڈنر”ٹیکسٹائل نائٹ“ میں شرکت کا بھی انتظام کیا۔ پاکستان 29 ویں ڈاکار انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں مہمان ملک کی حیثیت سے شرکت کی۔

پاکستان مشن ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے کہ وہ دسمبر سے ڈاکار انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں۔ ڈاکار انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر کا افتتاح 15 دسمبر 2023 کو سینیگال کے وزیر تجارت اور ایس ایم ای کے وزیر عبدالکریم فوفانہ اور وزیر تجارت، صنعت اور ایس ایم ای پروموشن جمہوریہ کوٹ ڈی آئیوری سلیمان دیاراسوبا نے کیا۔ دونوں وزراء نے پاکستان پویلین کا دورہ اور اس کا افتتاح کیا۔ وزراءنے ”میڈ ان پاکستان“ مصنوعات خصوصاً فٹ بال، آلات جراحی، کاسمیٹکس اور فیبرک کو سراہا اور کھیلوں کے سامان کے پاکستانی سٹالز سے انہیں فٹ بال اور دیگر سووینئرز بھی پیش کیے گئے۔

تقریب کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل سی آئی سی ای ایس، صدر ڈاکار چیمبر آف کامرس اور پاکستان کی سفیر صائمہ سید نے کیا۔ صدر سی سی آئی اے ڈی نے اس موقع پر مئی 2023 میں کراچی میں ہونے والی چوتھی بین الاقوامی ٹیکسٹائل ایکسپو کے موقع پر اپنے دورہ پاکستان کو یاد کیا اور پاکستان اور سینیگال کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے لیے پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا۔ سفیر صائمہ سید نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سینیگال کے پاس شراکت کے لیے ایک دوسرے کو پیش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔

انہوں نے شرکاءکو نمائش میں پاکستانی سٹالز کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو کہ اعلیٰ معیار کی ”میڈ ان پاکستان“ مصنوعات جیسے کھیلوں کے سامان، آلات جراحی، ٹیکسٹائل اور خواتین کے لباس، بچوں کے لباس، کاسمیٹکس، فرنیچر اور دستکاری کی نمائش کر رہے ہیں۔ پاکستان کے سفارتخانے نے بھی ڈاکار انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2023 میں لگائے گئے پاکستان پویلین میں یوم پاکستان ”جرنی دو پاکستان“ منایا۔ اس موقع پر پاکستان پویلین آنے والے تمام شرکاءکو پاکستانی روایتی کھانے پیش کئے گئے۔

سینیگال کے شہریوں نے پاکستانی مصنوعات اور مہمان نوازی کو سراہا۔ ڈاکار میں پاکستانیوں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے لیے گیمبیا سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی ڈاکار کا سفر کیا۔ مہندی کا سٹال سینیگالی لڑکیوں میں بے حد مقبول رہا۔ تقریب میں پاکستانیوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور پاکستانی دھنوں پر رقص کیا۔

ڈائریکٹر جنرل سینٹر انٹرنیشنل ڈو کامرس ایکسٹریئر ڈو سینیگال صالحو کیٹا نے پاکستان پویلین فار دی جرنی ڈو پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خاص طور پر لکڑی کے تراشے ہوئے فرنیچر اور پیتل کی دستکاری کی تعریف کی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 1960 میں اپنی آزادی کے بعد سے سینیگال کے پاکستان کے ساتھ خوشگوار دوستانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان سینیگال کو گھریلو اور دیگر سامان برآمد کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں