معاشی ترقی کیلئے دو سالہ صنعتی پالیسی ناگزیر ہے، فراز الرحمان

کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)  اورپاکستان بزنس گروپ کے بانی  صدر فراز الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور معاشی خوشحالی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر فوری طور پر دو سالہ صنعتی پالیسی پر کام کرنا چاہیے۔ پالیسی کے فوری نفاذ اور اس پر سختی سے عمل کرکے ہی معیشت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایکسپو سینٹر کراچی میں صارفین کیلئے بین الاقوامی مصنوعات کی نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں نمائش میں حصہ لینے والی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے سربراہان، سفارتکار اور بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فراز الرحمان نے مزید کہا کہ پالیسی کے نفاذ سے پاکستان  دو سال کے اندر معاشی بحران سے ضرور نکل آئے گا لیکن حکومت کو ٹیکسٹائل اور صنعتی شعبوں میں توانائی سے موثر پیداواری مشینوں کی طرف منتقلی پر غور کرنا چاہیے۔ خواتین کی معیشت میں شمولیت بڑھانے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں، کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ دنیا میں نافذ بہترین اور اعلی معیار اپنا کر اپنی مصنوعات کی بہتر مارکیٹ اور قیمت کا تعین کر سکتے ہیں۔ کاٹی کے صدر و پی بی جی او کے بانی چیئرمین  فراز الرحمان نے تجویز دی کہ حکومت کسٹم ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسوں میں کمی کر کے فوری ریلیف فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ نمائش کراچی کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی جبکہ بین الاقوامی کمپنیوں کو پاکستانی مارکیٹ کی صلاحیتوں کو تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ نمائش میں ہونے والے معاہدوں سے مقامی سپلائرز اور عام لوگوں کو مواقع فراہم ہوں گے۔ فراز الرحمان نے مزید کہا کہ اس طرح کی نمائش سے براہ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی، جبکہ مقامی طور پر تیار ہونے مصنوعات کو عالمی منڈی تک پہنچانے میں بھی یہ نمائش سود مند ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مصنوعات کو برانڈز میں تبدیل کرنے کیلئے وژن اور حکمت عملی سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ برانڈز بنانے سے زرمبادلہ حاصل ہو اور پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھے، امپورٹ میں کمی ہو اور پاکستانی مصنوعات جنہیں بین الاقوامی منڈی میں پسند کیا جاتا ہے انہیں ایک نام مل سکے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ نمائش میں دیگر ممالک کی کمپنیوں کے حصہ لینے اور بڑی تعداد میں عیر ملکی مندوبین اور سفارتکاروں کی موجودگی پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد پاکستانی مصنوعات بھی دنیا میں مقام بنائیں گی اور پاکستان معاشی طور پر مستحکم اور ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہوگا۔ فراز الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں میں صلاحیت موجود ہے صرف انہیں بہتر رہنمائی اور تربیت کی ضرورت ہے جس میں انڈسٹری کا اہم کردار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں