رامن اور محفوظ ماحول سے ملک میں کاروباری سرگرمیاں بہتر فروغ پاتی ہیں ،احسن بختاوری کا پولیس افسران کے اعزاز میں تقریب سے خطاب

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی ترقی میں پولیس کا اہم کردار ہوتا ہے کیونکہ جب پولیس تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرتی ہے تو ملک میں کاروباری سرگرمیاں بہتر فروغ پاتی ہیں اور معاشرہ خوشحالی کی طرف بڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی کارکردگی ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میں بہت بہتر ہے جو قابل ستائش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے پولیس افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا کر جرائم پر قابو پانے کی کوشش کریں تا کہ اسلام آباد کو امن و امان کے لحاظ سے ایک رول ماڈل شہر بنایا جا سکے۔چیمبر کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور محکمہ پولیس کے درمیان قریبی روابط بزنس کمیونٹی کے مفادات کے بہتر تحفظ اور شہر کی ترقی کیلئے بہت معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ اسلام آباد میں جرائم پر قابو پانے میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے

لہذا پولیس اس سلسلے میں مزید پیش رفت کرے۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں میں سوشل میڈیا کے ذریعے جرائم پر قابو پانے کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرے جس سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پولیس بہتر کوششوں سے شہر میں امن و امان برقرار رکھ رہی ہے اور اس سلسلے میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی میں پولیس کے امیج کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ چیمبر سوسائٹی میں پولیس کے مثبت امیج کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بزنس کمیونٹی اور پولیس مل کر شہر کا امن خراب کرنے والوں کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ لندن اور نیویارک جیسے شہروں کے مقابلے میں اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے جس کیلئے پولیس کی گراں قدر خدمات قائل ستائش ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عوام کو قوانین کا پابند بنانے میں پولیس کا اہم کردارہے اور امید ہے کہ اسلام آباد پولیس اس کردار کو بخوبی نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی قلت کے باجود اسلام آباد پولیس عوام کی بہتر خدمت کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے وہ تعریف کی مستحق ہے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اس بات پر زور دیا کہ محنتی اور ایماندار پولیس افسران اور اہلکاروں کی بہتر حوصلہ افزائی کی جائے جس سے دوسرں میں بھی عوام کی بہتر خدمت کا جذبہ پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سوسائٹی میں عدم برداشت بڑھتا جا رہا ہے جوتشویشناک ہے لہذا نوجوان پولیس افسران کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کی جائے تا کہ وہ سوسائٹی میں صبر اور برداشت کو فروغ دینے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو امن و امان کے لحاظ سے ایک مثالی شہر بنا کر ہم دوسروں کیلئے عمدہ روایات قائم کر سکتے ہیں۔

آئی سی سی آئی اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر احمد ملک نے بھی ترقی پانے والے پولیس افسران کو مبارک باد دی اور کہا کہ ان کی ترقی ان کی خدمات کا بہترین اعتراف ہے۔ ترقی پانے والے پولیس افسران ایس پی حاکم خان، ایس پی رخسار مہدی، ایس پی چوہدری عابد ، ایس پی اقبال خان، ایس پی فضل عباس اور ایس پی راجہ طاہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر چیمبر کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے ان کی بہت حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پولیس تاجر برادری کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی تا کہ تاجر وصنعتکار ایک پرامن اور محفوظ ماحول میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ دے سکیں اور معیشت کی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر ریٹائر ہونے والے پولیس آفیسر شمس گل کو شیلڈ دی گئی اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں