لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کا خیرمقدم

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے غیر ملکی سرمایہ کاری میں 17.8 فیصد اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مزید اضافے کے لیے ٹھوس کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ معیشت کے لیے ایک حوصلہ افزا علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 مہینوں (جولائی تا اکتوبر میں خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 524.7 ملین امریکی ڈالر رہی جو کہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں سات فیصد زیادہ ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری لانے کے لیے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کو کامیاب کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معیشت کے مختلف شعبوں جیسے توانائی، زراعت، سیاحت، صحت، کانوں اور معدنیات، قیمتی پتھروں، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے تجویز پیش کی کہ حکومت سرمایہ کاروں کو وہ سرکاری ادارے اپنانے کی ترغیب دے جن کی کارکردگی تسلی بخش نہیں تاکہ وہ انہیں منافع بخش بنائیں۔

اس سے ایک طرف تو قومی خزانے سے بوجھ کم ہو گا جبکہ دوسری طرف حکومت کو ریونیو ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے تجویز پیش کی کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے کلیدی کردار ادا کریں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بتایا جائے کہ پاکستان میں معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں