پاکستان اپنی برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی برآمدات کو بڑھانے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے اور 100 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کا حصول ممکن ہے۔ اتوار کو یہاں چوہدری اریب آرائیں کی قیادت میں برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس برآمدی ہدف کے حصول کیلئے نجی شعبے کے مکمل پوٹینشل کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ شعبہ معاشی و تجارتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

اس مقصد کے لیے برآمد کنندگان کو مراعاتی پیکج دینا ناگزیر ہے۔ یہ مراعاتی پیکج کنسالیڈیٹڈ، جامع اور برآمد کنندگان کے لیے سہل و قابل رسائی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز اس ضمن میں ایک واضح اور مربوط فریم ورک کا اعلان کیا ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے برآمد کنندگان ملکی برآمدات کو فروغ دے سکیں گے ۔ پاکستان ٹیکسٹائل سے لے کر زراعت تک اور ٹیکنالوجی سے لے کر مینوفیکچرنگ تک مختلف شعبوں میں عالمی تقاضوں کے مطابق برآمدی سامان اور خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے نگران حکومت ایسا ماحول مہیا کر رہی ہے جو نجی شعبے کی فعال شرکت کو فروغ دیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر برآمدی تجارت کو فروغ دینے میں معاون ہوگا میاں کاشف اشفاق جو یو کے پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستانی برآمدات کی مسابقت کو بڑھانے کے لیے بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی اور مہارتوں کی ترقی میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاجسٹک چیلنجز پر قابو اور مصنوعات و خدمات کے معیار کو بہتر بنا کر ہم پاکستان کو ایک قابل اعتماد اور پرکشش تجارتی پارٹنر کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں