اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ذیابیطس سنٹر اسلام آباد کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کاروباری برادری کو ذیابیطس سے محفوظ رکھنے اور ان کو اس مرض کے علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ذیابیطس سنٹر اسلام آباد کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں ۔ اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی سی سی آئی کی ہیلتھ کمیٹی کے کنوینر عبدالرحمٰن صدیقی اور ذیابیطس سنٹر اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میثاق عارف نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری، ذیابیطس سنٹر اسلام آباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آفتاب احمد، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بابر حمید اعوان اور مارکیٹنگ ٹیم کی لیڈر نوین کیریو سمیت دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض پاکستان میں تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے جو ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، لہذا اس سے بچائو کیلئے لوگوں میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ذیابیطس سے محفوظ رہ کر اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دے سکتی ہے اور معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے آئی سی سی آئی اور ذیابیطس سنٹر اسلام آباد کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کو تاجر برادری کی صحت کی دیکھ بھال میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا کیونکہ اس باہمی تعاون سے کاروباری برادری کے ذیابیطس سے متعلق مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکے گا اور صحت مند معاشرے کو فروغ دینے میں مثبت پیش رفت ہو گی۔

انہوں نے بیماریوں سے پاک اور ایک صحت مند معاشرے کو فروغ دینے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور ذیابیطس سنٹر اسلام آباد کا باہمی تعاون ذیابیطس سے متعلق آگاہی مہم کو فروغ دے کر معاشرے میں اس مرض کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔

ذیابیطس سنٹر اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میثاق عارف نے دونوں اداروں کے درمیان ذیابیطس پر قابو پانے کیلئے باہمی تعاون کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا کیونکہ اس سے بزنس کمیونٹی کو صحت مند اور ذیابیطس سے محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی کے ساتھ ان کے ادارے کی ایک نیک مقصد کیلئے پارٹرنرشپ بزنس کمیونٹی سمیت معاشرے کیلئے فائدہ مند نتائج پیدا کرے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں