امریکہ میں مقیم پاکستانی سرمایہ کار پاکستان کی معیشت کی بحالی میں کردار ادا کریں، احسن بختاوری

 پاکستان یو ایس ا یلومنائی نیٹ ورک کے ایک وفد نے امریکی سفارتخانے کے کوآرڈینٹر برائے ایلومنائی سلمان وہاب کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے امکانات پر چیمبر کے عہدیداران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ وفدمیں اکیڈمیا، انجینئرنگ، کاروباری افراد اور آئی ٹی پروفیشنلز سمیت دیگر نمائندگان شامل تھے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے وفد کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی کاروباری طبقہ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں تا کہ وہ ہماری معیشت کی بحالی میں بہتر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے پاکستانی امریکا میں کامیاب کاروبار کر رہے ہیں تاہم وقت کا تقاضا ہے کہ وہ پاکستان میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری پر توجہ دیں جس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کاروباری طبقہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو انجینئرنگ، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں امریکا کے ہم منصوبوں سے ملانے میں کردار ادا کرے تاکہ ایک دوسرے سے علم اور مہارت کا تبادلہ کریں اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری خواتین کے درمیان بھی براہ راست روابط فروغ دے کر باہمی کاروباری تعاون کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کے کوآرڈینٹر برائے ایلومنائی سلمان وہاب نے وفد کی میزبانی کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں اسلام آباد میں امریکا سفارتخانے نے پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کا آغاز کیا تھا جو پاکستان میں کمیونٹی سروس، کانفرنسز اور نئی نسل کی رہنمائی سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 65 سال سے زائد عرصے سے37ہزار سے زائد پاکستانیوں نے امریکی حکومت کے زیر اہتمام ثقافتی، پیشہ ورانہ اور تعلیمی تبادلے کے پروگراموں میں حصہ لیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط بہتر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس نیٹ ورک کے پاکستان میں 14 چیپٹرز ہیں جو چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں نوجوانوں کیلئے بہتری کی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

اس نیٹ ورک کے ممبران پاکستان میں حکومت، کاروبار، ثقافت اور سول سوسائٹی میں بہتری کیلئے مفید خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وفد کے ارکان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے اور پاکستان کی بہتر ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفرنے چیمبر کا ددورہ کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ادارے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سمیت امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کی کوشش کریں جس سے پاکستان اور امریکا کے کاروباری تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں