برکس کی رکنیت حاصل کر کے پاکستان اقتصادی تعاون، جغرافیائی و سیاسی استحکام اور مشترکہ ترقی کے مقاصد حاصل کر سکتا ہے، مہر کاشف یونس

 وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ برکس کی رکنیت حاصل کر کے پاکستان اقتصادی تعاون، جغرافیائی و سیاسی استحکام اور مشترکہ ترقی کے مقاصد حاصل کر سکتا ہے۔

اتوار کو یہاں اسٹریٹجک تھنک ٹینک گولڈ رِنگ اکنامک فورم کے زیر اہتمام گول میز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عالمی سطح پر تجارت، سرمایہ کاری کے مواقع اور سفارتی تعلقات کے فروغ کی کوثششوں سے ہم آہنگ اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسٹریٹجک اقدام نہ صرف علاقائی اور عالمی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم بلکہ اس بااثر اتحاد میں شرکت کے ممکنہ فوائد کے حصول کیلئے دور اندیشی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

برکس عالمی اقتصادی منظر نامے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کے برکس کے بیشتر موجودہ ممبران کے علاوہ ممکنہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں اس لیے پاکستان کی شمولیت اس اتحاد کے تنوع اور مضبوطی میں معاون ثابت ہوگی۔

مہر کاشف یونس نے اس جرات مندانہ اور مستقبل سے ہم آہنگ فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا وہ پرامید ہیں کہ برکس پاکستان کی درخواست پر مثبت پیش رفت کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں