الجیریاکے سفیرڈاکٹربراہیم رومانی کاسیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ ، دوطرفہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور

پاکستان میں تعینات الجیریاکے سفیر ڈاکٹر براہیم رومانی نے مقامی تاجر برادری سے ملاقات کے لیے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کا دورہ کیا۔ اپنے اس دورے کے دوران مقامی تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور الجیریا کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے الجیریا اور پاکستان کے تاجروں کے درمیان رابطوں کو آسان بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے الجیریا میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے والی کاروباری شخصیات کے لیے دستیاب مختلف مواقع کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ایک دعوت نامہ بھی دیا۔نہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبرز کو تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ویزے و دعوت نامے سمیت کاروبار کی تلاش کے لیے ممبران سے مناسب رابطہ قائم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم میں اضافہ ناگزیر ہے ، ہم دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھا کر ایک دوسرے کے لیے مذید آسانیاں پیدا کر سکتے ہیں اور عوام سے عوام کے روابط بھی مستحکم بنا سکتے ہیں۔ سفیر کا کہنا تھا کہ الجیریا افریقہ کی چوتھی بڑی معیشت ہے جہاں کاروبار کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں ، میں پاکستانی تاجروں اور بالخصوص سیالکوٹ کے تاجروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ الجیریا کی منڈیوں تک رسائی کو یقینی بناتے ہوئے دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری کا پوری دنیا میں ایک نام اور منفرد پہچان ہے اور مجھے قوی امید ہے کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری الجیریاکے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنا کر یہاں موجود کاروباری مواقع سے مستفید ہو سکتی ہے۔ قبل ازیں سیالکوٹ چیمبر آمدپر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے الجیریاکے سفیرڈاکٹربراہیم رومانی کا پرتپاک استقبال کیا اور خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس نے کہا کہ 1962 میں الجزائر کی آزادی کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں پاکستان پیش پیش تھا ۔ انہوں نے اس کی تاریخی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے الجزائر اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ میں رکاوٹ بننے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس نے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے کی وکالت بھی کی۔ تقریب کے آخر میں صدر چیمبر عبدالغفور ملک نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اورانہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں