ساتویں تین روزہ پاک چائنہ صنعتی نمائش 25 نومبر سے شروع ہو گی

 ساتویں پاکستان چائنہ صنعتی نمائش لاہور ایکسپو سنٹر میں 25 نومبر سے 27 نومبر تک منعقد ہوگی۔تین روزہ نمائش میں چین کے صنعتی اداروں کے ساتھ ساتھ پاکستانی صنعتی ادارے بھی اپنی مصنوعات اور خدمات کے لئے سٹال لگائیں گے۔

نمائش کے آرگنائزر ایورسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے پراجیکٹ ہیڈ سٹیو جو نے پیر کے روز لاہور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال نمائش کا انعقاد بڑے پیمانے پر کیا جا رہا ہے، اس مقصد کے لیے لاہور ایکسپو سنٹر کے دو بڑے ہال بک کرائے گئے ہیں،ہال نمبر ایک میں پاکستانی مصنوعات اور ہال نمبر دو صرف چینی کمپنیوں کے لیے مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایورسٹ انٹرنیشنل پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ اور ایک دوسرے کی ترقی میں مدد و معاون بننے کے لیے کوشش کر رہا ہے ۔اس موقع پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی درسگاہ کا ایورسٹ انٹرنیشنل کے ساتھ مشترکہ کوششوں کا یہ چھٹا سال ہے جس کا مقصد پاکستان میں نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کروانا،بیرونی سرمایہ کاری لانا اور دونوں ممالک کے صنعتی شعبہ میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ایوریسٹ انٹرنیشنل کے ڈپٹی جنرل مینجر ذیشان ہاشمی نے بتایا کہ نمائش میں 135 چینی کمپنیاں اور 120 سے زائد پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی جس میں سی این سی مشین کا شعبہ،ہارڈ ویئر ذری مشینری،کیمیکل اور سولر سے متعلقہ شعبہ جات شامل ہیں۔نمائش سے پاکستان کی صنعتی کمپنیوں کو بھرپور فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کو اس نمائش میں شامل کرنے کا مقصد طلبہ کو صنعت کاروں سے ملاقات کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تا کہ وہ اپنے آئیڈیاز کا تبادلہ خیال کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں