ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں زرعی پیداوار کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، شہزاد علی ملک

:پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں زرعی پیداوار کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اتوار کو یہاں ترقی پسند کاشتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان میں بیج ٹیکنالوجی میں جدت بالخصوص ہائبرڈ بیجوں کی پیداوار اور استعمال نے زرعی شعبے میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریسرچ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کردہ چاول کا گارڈ ہائبرڈ بیج پاکستان میں کسانوں کے لیے گیم چیلنجر ثابت ہوا ہے۔

ان بیجوں کے استعمال سے کسان ایسی فصلیں کاشت کر سکتے ہیں جو زیادہ لچکدار، بیماریوں کےخلاف مزاحم اور زیادہ پیداوار دیتی ہیں۔ اس سے نہ صرف غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے بلکہ ان کے ماحول پر منفی اثرات کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔ ان بیجوں کا سب سے قابل تعریف پہلو متنوع زرعی موسمی حالات میں ان کی موافقت ہے۔ یہ موافقت زرعی تنوع کو فروغ دیتی ہے اور فصلوں کی اضافی پیداوار اور معیار ہماری بڑھتی ہوئی آبادی کے غذائی تحفظ کا پائیدار حل ہے۔

شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ فصلوں کی اضافی پیداوار اور کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف مزاحمت سے یہ بیج کسانوں کی آمدنی بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں جس سے دیہی معیشت مضبوط ہوتی ہے اور کاشتکاروں کا معیار زندگی بلند ہوتا ہے۔ بڑھتی ہوئی زرعی پیداوار فوڈ پراسیسنگ اور ڈسٹری بیوشن سمیت متعلقہ صنعتوں کی ترقی کا باعث بنتی ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور معاشی ترقی کو تحریک ملتی ہے۔ اس لئے سیڈ ٹیکنالوجی میں تحقیق اور ترقی کا فروغ ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں