فرنیچر انڈسٹری کو برآمدی اہداف پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ فرنیچر انڈسٹری اس وقت ہنر مند کارکنوں کی شدید کمی سے دوچار ہے جس کی وجہ سے برآمدی اہداف کو پورا کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔

اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کی کمی نے صنعت کے لیے ایک بڑا چیلنج کھڑا کر دیا ہے جس سے پیداواری صلاحیت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے اور آرڈرز کی بروقت فراہمی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے مہارتوں کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام اور پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے ہنرمندوں کو فرنیچر کے شعبے کی طرف راغب کیا جا سکے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ہنر مند لیبر کی کمی پر قابو پانا ،نہ صرف فرنیچر انڈسٹری کی ترقی کے لیے ضروری ہے بلکہ برآمدی آرڈرز کو بروقت پورا کرنے، صارفین کے اعتماد پر پورا اترنے اور ملکی معیشت کے فروغ کے لیے بھی یہ از حد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اس مسئلہ کا پائیدار حل تلاش کرنے اور ہنر مند افرادی قوت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جا سکے اور بین الاقوامی مارکیٹ کے آرڈرز کو پورا کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں