آئی ٹی کی صنعت ایک سال میں5 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت رکھتی ہے ، چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن زوہیب خان

پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد زوہیب خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام ڈاکٹر عمر سیف کی کاوشوں سے دبئی میں منعقدہ GITEX نمائش میں پاکستان دنیا بھر کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے اور اس کے نتیجے میں برآمدی آرڈرز اورصنعتی و تعاون سرمایہ کاری 25 کروڑ ڈالر کی سر گرمیاں متوقع ہیں۔

ترجمان کے مطابق دبئی میں منعقدہ نمائش میں شرکت کرنے والی کمپنیوں کے ذمہ داران کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے اعلان کیا ہے کہ ان کی وزارت پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کے اجرا کے لیے کام کر رہی ہے جس میں وینچر کیپیٹلسٹ کو پاکستان کی طرف راغب کرنے کی صلاحیت ہے ،وزارت آئی ٹی پے پال اور سٹرائپ پیمنٹ گیٹ ویز کے لیے ہمارے مالیاتی نظام اور پالیسی فریم ورک کو فعال کرنے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے کیونکہ یہ بین الاقوامی ادائیگی کے گیٹ ویز عالمی آئی ٹی انڈسٹری کے مالیاتی ایکو سسٹم میں انضمام کے ذریعے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کو ادائیگیوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔

زوہیب خان نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کی تشکیل کو متحدہ عرب امارات نے سراہا ہے اور سب سے بڑھ کر ایس آئی ایف سی نے آئی ٹی کو اپنے پانچ ترجیحی ایریاز میں سے شامل کیا ہے ،ایس آئی ایف سی نے ممکنہ سرمایہ کاروں میں یہ اعتماد پیدا کیا ہے کہ انہیں تمام سہولتیں ایک چھت کے نیچے میسر ہوں گی اور سب سے بڑھ کر پالیسیوں کا تسلسل رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ملک کی واحد بڑی صنعت ہے جو ایک سال کے اندر 5 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت رکھتی ہے ،یہ صنعت پاکستان کے مجموعی تجارتی خسارے کو پورا کر سکتی ہے اورعمومی طور پر معیشت کو مستحکم کر سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ پاکستان نے گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں سٹارٹ اپ فنڈز میں 700 ملین ڈالر کی سرمایہ حاصل کی لیکن ان کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کو ایک سال کی مدت میں 500 ملین ڈالر تک کی سرمایہ کاری تک لے جایا جائے اور ایک سے تین سال کی شارٹ ٹرم مدت میں اسٹارپ اپس میں پاکستان میں سالانہ1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی جائے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دبئی میں منعقدہ GITEX نمائش میں100 پاکستانی کمپنیوں نے اپنے 500 مندوبین کے ساتھ شرکت کی جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں