حکومت ایس ایم ایز کے بہتر تحفظ کیلئے مخصوص سائبر سیکورٹی پالیسی تشکیل دے، اسلام آباد چیمبر کے قائم مقام صدر فاد وحید کی چین کے سائبر سکیورٹی شعبے کے وفد سے بات چیت

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فاد وحید نے کہا کہ ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور اپنی پیداواری صلاحیت و کارکردگی کو بہتر بنانے اور کاروبار کی لاگت کو کم کرنے کے لیے یہ کاروباری ادارے اب آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہے ہیں،

لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایس ایم ایز کے لیے ایک مخصوص سائبر سکیورٹی پالیسی تشکیل دے تا کہ ان کاروباری اداروں کو سائبر حملوں کے نقصانات سے بچایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی کے دورے کے دوران چین کی سائبر سکیورٹی شعبے کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے سابق ڈی جی ایف آئی اے اور ڈیجیٹل پاکستان کے بانی عمار جعفری کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔فاد وحید نے کہا کہ بہت سی ایس ایم ایز اب آن لائن کاروبار کی طرف جا رہی ہیں تاکہ انٹرنیشنل مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل کر سکیں اپنے کاروبار کو مزید بہتر فروغ دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نیشنل سائبر سکیورٹی پالیسی 2021 آن لائن کاروبار کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرتی ہے تاہم اس پالیسی میں ایس ایم ایز کو سائبر حملوں سے بچانے کے لیے مضبوط دفاعی اقدامات کا فقدان ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کر کے ایس ایم ایز کے لیے ایک مخصوص سائبرسکیورٹی پالیسی تیار کرے تاکہ انہیں ڈیجیٹل بنانے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سائبر سکیورٹی سلوشنز فراہم کرنے والی چین کی آئی ٹی کمپنیوں کیلئے پاکستان کی مارکیٹ میں کاروبار کے روشن امکانات موجود ہیں لہذا وہ پاکستان میں اس شعبے میں سرمایہ کاری کر کے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔سابق ڈی جی ایف آئی اے اور ڈیجیٹل پاکستان کے بانی عمار جعفری نے کہا کہ پاکستان 5ویں جنریشن کے صنعتی انقلاب کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت ایک مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تیار کرنے پر توجہ دے تاکہ ڈیجیٹل کاروبار کو بہتر فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کنیکٹیویٹی کو فروغ دینے، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے، ڈیجیٹل مہارتوں میں سرمایہ کاری میں اضافے اور ٹیکنالوجی انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے ساتھ آئی سی سی آئی کا تعاون ایس ایم ایز میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔

چین کے وفد کے ارکان نے کہا کہ ان کی کمپنی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرقی افریقہ میں اس شعبے میں کاروبار کر رہی ہے اور اب وہ پاکستان میں بھی کاروباری اداروں کو سائبر سیکورٹی سلوشنز فراہم کرنا چاہتے ہیں تا کہ وہ اپنے آپ کو سائبر حملوں سے محفوظ بنا سکیں۔

چیمبر کے قائم مقام سینئر نائب صدر مقصود تابش اور قائم مقام نائب صدر فیضان شہزاد نے کہا کہ ایس ایم ایز پاکستان میں سائبر حملوں کا شکار ہیں کیونکہ ان کے پاس مضبوط تکنیکی دفاع کا فقدان ہے اور امید ظاہر کی کہ چین کی آئی ٹی کمپنیاں پائیدار سائبر سکیورٹی حل فراہم کرنے کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ان کوششوں میں چین کی کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں