یورپ کے ساتھ تجارت کیاصلاحیت سے بھرپورفائدہ اٹھانےکی ضرورت ہے ،شہزاد علی ملک

پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے یورپ کے ساتھ تجارت کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ میں بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ان سے فائدہ اٹھا کر ہم اپنی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ اتوار کو صنعتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپ دنیا کے سب سے بڑے اور بااثر تجارتی بلاکس میں سے ایک ہے۔

صارفین کی متنوع ضروریات اور ترجیحات کے ساتھ یورپی یونین ایک وسیع مارکیٹ پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دے کر ہم اپنی معیشت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ٹیکسٹائل، چمڑے کے سامان، آلات جراحی اور زرعی مصنوعات سمیت بے شمار اشیاءموجود ہیں جن کی عالمی سطح پر بہت زیادہ مانگ ہے۔

اشیاءکے معیار و جدت پر توجہ مرکوز کرکے اور انٹرنیشنل سٹینڈرڈز پر پورا اتر کر ہم بھر پور انداز میں یورپی مارکیٹ میں داخل ہو سکتے ہیں۔ جی ایس پی پلس کے ساتھ پاکستان کو یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی اور مسابقتی برتری حاصل ہے۔ اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے مابین قریبی تعاون انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری برآمدات کے معیار اور مسابقت کو بڑھانے کے لیے انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور مہارتوں کی ترقی میں سرمایہ کاری اشد ضروری ہے۔ یورپی مارکیٹ کے رجحانات، ضوابط، اور صارفین کے طرز عمل کے بارے میں آگاہی کو فروغ دے کر بھی ہم اپنی مصنوعات کو یورپی سٹینڈرز کے مطابق تیار کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں