ملائیشیا کی طرز پرافرادی قوت میں سرمایہ کاری کرکے پائیدار معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے،صدر فیصل آباد چیمبر

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ ملائیشیا کی طرز پرافرادی قوت میں سرمایہ کاری کرکے پائیدار معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ اس ضمن میں ملائیشیا بھی پاکستان کی بھرپور معاونت کر سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کاروباری و تجارتی روابط کے فروغ کے امکانات کے جائزہ کے سلسلہ میں انہوں نے گزشتہ روز ملائیشیا کے ہائی کمشنر محمد اظہر مزلان سے تفصیلی ملاقات کی اور انہیں فیصل آباد کی معاشی قوت کے بارے میں آگاہ کرنے سمیت انہیں فیصل آباد کاباضابطہ دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ علامہ اقبال اور ایم تھری انڈسٹریل سٹیٹس میں ملائیشیا کی سرمایہ کاری کا جائزہ لے سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پرملائیشین ہائی کمشنر محمد اظہر مزلان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ اس ملک میں سرمایہ کاری سے آسیان بلاک کے 15ملکوں کی وسیع مارکیٹ تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا تیزی سے ہائی انکم اکانومی کی طرف سے بڑھ رہا ہے اور اس کے فوائد ملائیشیا کے عوام کو بھی مل رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملائیشیا کی حکومت نے افرادی قوت میں زبردست سرمایہ کاری کی ہے جس سے پائیدار معاشی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ آسیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دنیا کی 39فیصد آبادی اس معاشی بلاک سے وابستہ ہے جس سے پاکستانی سرمایہ کاروں اور برآمد کنندگان کو بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں