مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے امکانات ، ترکیہ سے فرنیچر انڈسٹری کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، سی ای او پی ایف سی میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کےلئے ترکیہ سے فرنیچر انڈسٹری کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ترکیہ کے ایک ہفتہ کے دورے سے واپسی کے بعد جمعرات کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں کاشف نے کہا کہ انہوں نے وہاں فرنیچر مینوفیکچررز کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستانی فرنیچر انڈسٹری کے درمیان تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے، مہارت، ٹیکنالوجی اور ڈیزائن کے شعبے میں اشتراک کے نتیجے میں منفرد اور اعلیٰ معیار کی فرنیچر مصنوعات کی پیداوار ممکن ہے، اس شراکت داری سے ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی کو بھی آسان بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری و مشترکہ منصوبوں کے مواقع مہیا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی فرنیچر کی صنعت اپنی دستکاری، اختراع اور اعلیٰ معیار کے میٹیریل کے استعمال کے لیے مشہور ہے، یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے سنگم پر ترکی کا سٹریٹجک مقام پاکستان کو فرنیچر کی برآمدات کے لئے بڑی منڈی مہیا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی فرنیچر کی مصنوعات مختلف ممالک کو برآمد کر رہا ہے اور اس شعبے میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پہچان میں اضافہ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں