پاکستان اربوں ڈالر کی حلال مصنوعات برآمد کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے، احسن ظفر بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اربوں ڈالر کی حلال مصنوعات برآمد کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے، لہذا ان مصنوعات کی برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے حکومت نجی شعبے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوں گے اور معیشت مضبوط ہو گی، حلال مصنوعات کی گلوبل مارکیٹ تقریبا 3 کھرب ڈالر تک ہے لیکن پاکستان کا اس میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت حلال انڈسٹری کے لیے سازگار پالیسیاں بنائے تا کہ اس شعبے کی برآمدات کو چند سالوں میں بڑھا کر 5 سے 6 ارب ڈالر تک کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ” حلال انڈسٹری کی تجارت و برآمدات ” کے موضوع پر منعقدہ ایک پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام گلوبل حلال سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے کیا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق احسن بختاوری نے کہا کہ حلال فوڈ سٹینڈرڈز پر سختی سے عمل درآمد، کوالٹی سرٹیفیکیشن اور حکومتی تعاون سے حلال مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلال گوشت کی مارکیٹ دنیا میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے، لہذا پاکستان کو اس مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حلال گوشت کی برآمدات کے لیے صرف عرب ممالک پر انحصار کرنے کے بجائے چین، ترکی، ملائیشیا، انڈونیشیا اور وسطی ایشیائی ریاستوں سمیت دیگر مارکیٹوں پر بہتر توجہ دی جائے۔ حکومت حلال فوڈ کی برآمدات کے فروغ کے لیے کام کرنے والے تمام اداروں کو متحرک کرے تاکہ اس انڈسٹری کی برآمدی صلاحیت کو بروئے کار لا کر ملکی برآمدات کو مزید بہتر کیا جائے۔

حکومت ملک میں خصوصی حلال میٹ زونز قائم کرے اور ان کو 10 سال کی ٹیکس چھٹوٹ فراہم کرے جس سے اس شعبے میں سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان حلال گوشت کی گلوبل انڈسٹری نمایاں کردار ادا کرنے اور مارکیٹ لیڈر بننے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان میں ایک مسلم ملک ہونے کے ناطے دنیا بھر میں اپنی حلال مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ پر توجہ دے اور گائے کے گوشت کے ساتھ ساتھ سمندری غذا، شتر مرغ، مٹن اور پولٹری فارمنگ میں بھی برآمدات کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے جس سے معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو گی اور ملک کی فوڈ سیکورٹی مستحکم ہو گی۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید اور دیگر مقررین نے بھی حلال انڈسٹری کی برآمدی صلاحیت پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس شعبے کی برآمدات کو تیزی سے فروغ دینے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں