صوبائی وزیر پنجاب ایس ایم تنویر نیو ایم جے ایف لائنز کلب کے صدر منتخب،

صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ صنعتی پیداواری عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کیلئے انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں، حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے، ملک کو مشکل معاشی صورتحال سے نکالنے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، لائنز کلب پاکستان میں بھی فلاحی کاموں میں پیش پیش رہا ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں ایک سال کے دوران 248گھربناکر متاثرین کے حوالے کرنا اس کا لائق تحسین کارنامہ ہے
صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے ان خیالات کا اظہار کراچی کے مقامی ہوٹل میں کراچی نیو ایم جے ایف لائنز کلب کی تقریب سے خطاب، آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجٹیبل ایسوسی اور ٹاول مینو فیکچرنگ ایسوسی ایشن کے وفود سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کیا، لائنز کلب کی تقریب میں معروف صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب کے دوران ایس ایم تنویر کو نیو ایم جے ایف لائنز کلب کا صدر منتخب کیا گیا، صنعت کاروں اور تاجروں کے وفود سے ملاقاتوں میں ملک کی معاشی صورتحال، صنعتکاروں اور انڈسٹری کے مسائل پر گفتگو ہوئی، ان ملاقاتوں میں ملک کی برآمدات بڑھانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا، صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے اور حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے بہتر مستقبل کے لئے متعدد پروگرام شروع کررکھے ہیں، انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے مشکل معاشی صورتحال سے جلد نکل آئیں گے، انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہوں، صنعت و تجارت کے شعبہ سے وابستہ افراد کی خدمت اور مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ معشیت کو بہتر بنانے کے لئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور برآمدات پر مبنی صنعتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں